اشوک گہلوت نے مہنگائی کم کرنے کے لیے پٹرول-ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی مزید کم کرنے کا کیا مطالبہ
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کے ساتھ ہی ریاستوں کا اسی تناسب میں ویٹ خود کم ہو جاتا ہے۔
راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے مودی حکومت سے پٹرول و ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی مزید کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اشوک گہلوت نے ٹوئٹ کر کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کے ساتھ ہی ریاستوں کا اسی تناسب میں ویٹ خود ہی کم ہو جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مہنگائی کو کم کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو مزید ایکسائز ڈیوٹی کم کرنی چاہیے۔
اشوک گہلوت نے ایک بیان میں کہا کہ ’’مرکزی حکومت کے ذریعہ پٹرول پر 5 روپے اور ڈیزل پر 10 روپے فی لیٹر ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے سے ویٹ کی شرح میں پٹرول پر 1.8 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 2.6 روپے فی لیٹر کی کمی ہوگی۔ اس سے ریاست کے ویٹ خزانہ میں ہر سال تقریباً 1800 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔ اس طرح ریاست میں پٹرول 6.8 اور ڈیزل 12.6 روپے فی لیٹر سستا ہوگا۔‘‘
اشوک گہلوت نے مزید کہا کہ ’’ہم شروع سے ہی مرکزی حکومت کو ایکسائز ڈیوٹی کم کرنے کی گزارش کرتے رہے ہیں، جس سے عوام کو ایکسائز ڈیوٹی اور ویٹ میں کمی کا فائدہ ایک ساتھ مل سکے۔‘‘ اسی کے ساتھ اشوک گہلوت نے کہا کہ ’’ہر ضلع میں ضلع انتظامیہ، آئل کمپنیوں اور پٹرول پمپوں کے تعاون سے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ پٹرول و ڈیزل کی شرحوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو ملے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ دیوالی سے قبل کی شام پر مرکزی حکومت کے ذریعہ ایکسائز ڈیوٹی میں تخفیف کے بعد جمعرات کو ملک بھر میں ایندھن کی قیمتوں میں کمی کی گئی۔ مرکزی حکومت نے بدھ کو پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 5 روپے اور 10 روپے کی کمی کی، جو آج سے اثرانداز ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔