مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی کے سبھی کیمپس میں 31 مارچ تک کلاسز بند
کورونا وائرس کے پھیلتے اثر کو دیکھتے ہوئے مولانا آزاد نیشنل یونیورسٹی کے سبھی کیمپس کے طلبا کو ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، سبھی کیمپس میں 31 مارچ تک کلاسز معطل کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
حیدرآباد: مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) نے کورونا وائرس وبا کوپھیلنے سے روکنے کے لیے بطور احتیاط حکومت ہند ، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن اور حکومت تلنگانہ کی ہدایات ومشورے کے مطابق اپنے ہیڈکوارٹر ، حیدرآباد اور ملک کے مختلف حصوں میں واقع دیگر کیمپس میں کلاس روم کی تدریس کا سلسلہ 16 تا 31 مارچ 2020 معطل کردیا ہے۔
پروفیسر ایوب خان، وائس چانسلر انچارج کی قیادت میں آج صبح ڈینس اور صدور شعبہ جات کے منعقدہ اجلاس میں اس تعلق سے فیصلہ کیا گیا۔ پروفیسر ایس ایم رحمت اللہ، رجسٹرارانچارج کے دستخط سے جاری کردہ ایک حکمنامہ میں تمام طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے گھروں کو لوٹ جائیں اور وبا سے بچنے احتیاطی اقدامات کریں۔ ہاسٹلس میں مقیم طلبہ سے کہا گیا ہے کہ وہ طلبہ کے اجتماع سے گریز کی خاطر ہاسٹلس کا 20 مارچ تک تخلیہ کردیں۔ ہیڈ کوارٹرس اور دیگر کیمپس میں اگلے احکامات کی اجرائی تک تمام سمینارکانفرنس اور ثقافتی سرگرمیاں منسوخ کردی گئیں ہیں۔
حکمنامہ میں وضاحت کی گئی ہے کہ یونیورسٹی اس دوران کھلی رہے گی۔ تدریسی اور غیر تدریسی عملہ یوجی سی ایڈوائزری کے مطابق احتیاطی اقدامات کے ساتھ خدمات انجام دیں گے۔ اساتذہ، الیکٹرانک ریسورسس کے توسط سے ٹائم ٹیبل کے مطابق طلبہ کو دستیاب رہیں گے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔
یونیورسٹی کے تمام میڈیکل آفیسرس سے کہا گیا ہے کہ وہ کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے طلبہ ، اساتذہ اور غیر تدریسی عملے میں شعور بیدار کریں۔ حکمنامہ میں یونیورسٹی کے تمام شراکت داروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان احکامات کی سختی کے ساتھ پابندی کریں۔ حیدرآباد ہیڈکوارٹر کے علاوہ اردو یونیورسٹی کے کیمپسس لکھنو ٔ، سری نگر، دربھنگہ، بنگلور ،بھوپال، اورنگ آباد ، سنبھل، نوح (میوات)، بیدر، آسنسول، کٹک اور کڑپہ میں 10 ریاستوں میں قائم ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔