جموں و کشمیر کے پلوامہ میں تصادم، ایک فوجی جوان شہید، آپریشن جاری

جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ہانجن راج پورہ میں گذشتہ شب سے سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم میں ایک فوجی اہلکار کی جان چلی گئی ہے

کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
کشمیر کے شوپیاں میں تصادم / فائل تصویر
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ہانجن راج پورہ میں گذشتہ شب سے سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم میں ایک فوجی اہلکار کی جان چلی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے ہانجن راجپورہ علاقے میں گذشتہ شب سے سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جاری تصادم آرائی میں ایک فوجی جوان ہلاک ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تصادم کے دوران فوج کی 44 آر آر کے دو جوان زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہو گئے۔ دیں اثنا سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ایک ترجمان نے مہلوک فوجی جوان کو ڈیوٹی کے دوران وطن کے تحفظ کے لئے اپنی زندگی نچھاور کرنے پر خراج پیش کیا ہے۔ انہوں نے مہلوک فوجی جوان کی شناخت حوالدار کاشی راؤ کے بطور کی ہے۔


کور نے مہلوک کے اہلخانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔ دریں اثنا ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر فوج کی آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعرات کی شب دیر گئے پلوامہ کے ہانجن راجپورہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔

تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم جوں ہی ایک مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے جنگجوؤں نے اس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ ادھر حکام نے علاقے میں احتیاطی طور پر موبائل انٹرنیٹ خدمات کو معطل کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔