کشمیر: کولگام میں تلاشی آپریشن کے درمیان تصادم، 3 ملی ٹنٹ ہلاک
پولیس کا کہنا ہے کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں موجود ملی ٹنٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔ فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دمہال ہانجی پورہ میں ہفتہ کی علی الصبح ہونے والے ایک تصادم میں تین ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دمہال ہانجی پورہ کے ہردمند گوری بٹہ پورہ میں فوج کی 34 آر آر اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو ہفتہ کی علی الصبح محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن چلایا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران علاقے میں موجود ملی ٹنٹوں نے فورسز پر فائرنگ کی جنہوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین ملی ٹنٹوں کو ہلاک کیا جن کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ابھی جاری ہے اور تصادم کی جگہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اسی تحصیل کے دور افتادہ گاؤں نادی گام میں یکم اپریل کی رات دیر گئے نامعلوم اسلحہ برداروں نے دو مقامی افراد کو گولی مار کر ہلاک کیا تھا جن کی شناخت غلام حسن وگے ولد عبدل وہاب وگے اور سراج احمد گورسی ولد علی محمد کے طور پر ہوئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔