سپریم کورٹ نے سی اے اے پر جلد سماعت سے کیا انکار
کپل سبل کی درخواست کے جواب میں عدالت عظمیٰ نے کہا کہ سی اے اے پر سماعت سبریمالہ معاملہ کی سماعت کے بعد ہوگی، اس لیے ہولی کی تعطیل کے بعد پھر سے تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی جائے۔
سپریم کورٹ نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے ) کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سماعت جلد کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ 5 مارچ کو کچھ عرضی گزاروں کی جانب سے سینئر وکیل کَپل سبل نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی سربراہی والی بنچ کے سامنے معاملے کا خصوصی ذکر کیا اور جلدی سماعت کے لئے تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کی، لیکن عدالت نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’سبریمالہ معاملے میں خواتین کے حقوق بنام مذہبی روایت معاملے کی سماعت کے بعد ہی اسے سنا جائے گا ۔‘‘ ساتھ ہی عدالت عظمیٰ نے کپل سبل سے کہا کہ ’’آپ ہولی کی چھٹی کے بعد پھر سے تاریخ مقرر کرنے کی درخواست کریں۔‘‘
چیف جسٹس ایس اے بوبڈے کی صدارت والی بنچ نے آج کپل سبل کی درخواست سننے کے بعد کہا کہ ’’اب تک مرکز نے سی اے اے کے معاملے میں کوئی جواب داخل نہیں کیا ہے جس کا انتظار ہے۔‘‘ اس پر اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال نے عدالت کو بتایا کہ مرکزی حکومت اگلے ہفتے اپنا جواب داخل کر دے گی ۔ واضح رہے کہ سی اے اے کو چیلنج کرنے والی 150 سے زائد عرضیاں سماعت کے لئے زیر التوا ہیں ۔ تمام عرضیوں پر عدالت عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہوا ہے ۔
بہر حال، سپریم کورٹ نے جمعرات کو کہا کہ وہ ہولی کی سات دنوں کی تعطیل کے دوران انتہائی اہم معاملوں کی سماعت کے لیے ایک تعطیل بنچ تشکیل دی جائے گی۔ چیف جسٹس ایس اے بوبڈے نے کہا کہ ہفتہ بھر چلنے والی ہولی کی تعطیل کے دوران تعطیل بنچ ہی یہاں کام کرے گی۔ چیف جسٹس نے یہ بھی کہا کہ تعطیل بنچ ہولی کے دن یعنی 10 مارچ کو چھوڑ کر پورے ہفتہ کام کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ اب تک تعطیل بنچ صرف گرمیوں کی تعطیل کے دوران عدالت میں بیٹھتی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔