ڈوبھال کی سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے میں تین کمانڈوز برطرف
سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے میں سی آئی ایس ایف کی جانچ میں پانچ افسران کو قصوروار پایا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی۔
ملک کے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال نے سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے میں ایک بڑی کارروائی کی ہے۔ اس معاملے میں ایکشن لیتے ہوئے حکومت نے سیکورٹی پر تعینات تین کمانڈوز کو برطرف کر دیا ہے۔
سیکورٹی میں کوتاہی کی وجہ سے تینوں سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے کمانڈوز کوملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔ وہیں سی آئی ایس ایف کے ’وی آئی پی‘ سیکورٹی یونٹ کے دو سینئر افسران کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔
یہ واقعہ فروری 2022 کا ہے۔ جب یہ کمانڈوز این ایس اے اجیت ڈوبھال کی حفاظت پر تعینات تھے، اسی وقت ایک انجان گاڑی ان کی رہائش گاہ کے گیٹ پر پہنچی۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا۔ جب اس سے پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ ذہنی طور پر معذور تھا۔
واضح رہے کہ اجیت ڈوبھال کو مرکزی وی آئی پی سیکورٹی لسٹ کے تحت ’زیڈ پلس‘ زمرہ کی سیکورٹی حاصل ہے۔ انہیں سی آئی ایس ایف کے اسپیشل پروٹیکشن گروپ (ایس ایس جی ) یونٹ نے سیکورٹی کور فراہم کی ہے۔ 16 فروری کو ان کی سیکورٹی میں کوتاہی کا واقعہ پیش آیا۔
سیکورٹی میں کوتاہی کے معاملے میں سی آئی ایس ایف کی جانچ میں پانچ افسران کو قصوروار پایا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی۔ اس کے تحت ایس ایس جی کے تین کمانڈوز کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے جبکہ اس سکیورٹی یونٹ کے سربراہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ہیں اور ان کے رینک سے کچھ نیچے کمانڈنٹ کے عہدے کے ایک اعلیٰ افسر کا تبادلہ کر دیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔