ابھی آشیر واد یاترا پہلی ترجیح : چراغ
آرجے ڈی کے ساتھ ہاتھ ملانے پر چراغ کا کہنا ہے کہ آج کی تاریخ میں آشیر واد یاترا ان کی پہلی ترجیح ہے اس لئے ابھی اس کےعلاوہ کسی اور پر غور نہیں کر رہا ۔
لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے قومی صدر چراغ پاسوان ( چراغ گروپ) نے بہار کی اہم اپوزیشن راشٹریہ جنتادل ( آرجے ڈی) کے ساتھ ہاتھ ملانے پر آج کہاکہ ان کی پہلی ترجیح آشیر واد یاترا ہے۔
ایل جے پی صدر اور بہار کے جموئی سے رکن پارلیمنٹ مسٹر پاسوان نے یہاں منگل کو نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ ان کی پوری توجہ ابھی آشیر واد یاترا پر ہے ۔ آشیر واد یاترا میں لوگوں کی بے پناہ حمایت مل رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بڑی ذمہ داری ان کے کندھے پر ہے اور خواتین و نوجوان اس یاترا میں شامل ہورہے ہیں اس لئے ان کے مسائل دورکرنا ضروری ہے ۔
مسٹر پاسوان نے آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے دہلی میں شرد یادو سے ملاقات کے بعد یہ کہے جانے پر کہ ایل جے پی میں چاہے کتنا بھی ہیر پھیرہوا ہو لیکن لیڈر چراغ پاسوان ہی ہیں اور اس لئے ان کی ( شرد یادو) کی خواہش ہے کہ مسٹر پاسوان اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو کے ساتھ ہاتھ ملا لیں ، اس پر چراغ نے کہاکہ ” میرے گارجین اگر مجھے لیڈر مانتے ہیں تو اس سے زیادہ فخر کی بات میرے لئے کیا ہوسکتی ہے ۔“
ایل جے پی صدر نے کہاکہ ان کے والد آنجہانی رام ولاس پاسوان مسٹر یادو کے ساتھی رہے ہیں اور دونوں کی دوستی طویل عرصے تک اچھی رہی ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے ایک ساتھ کام کیا ہے اور ایسے میں ان کی حوصلہ افزا باتیں حوصلے کو مزید تقویت دیتی ہیں۔ آرجے ڈی کے ساتھ ہاتھ ملانے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ وہ ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں لیکن آج کی تاریخ میں آشیر واد یاترا ان کی پہلی ترجیح ہے ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔