آخرکار گرفت میں آیا چنمیانند، 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیجا گیا

اتر پردیش کے شاہجہاں پور میں طالبہ آبرو ریزی معاملے میں خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ سوامی چنمیانند کو گرفتار کر لیا۔ انھیں 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شاہجہاں پور: قانون کی طالبہ کو مبینہ طور پر عصمت دری کا شکار بنانے والے سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کے سینئر رہنما سوامی چنمیانند آخر کار پولس نے گرفتار کر لیا۔ ریاست کے انسپکٹر جنرل آف پولس (قانون وانصرام) پروین کمار نے بتایا کہ پولس نے آج صبح آشرم سے چنمیا نند کو گرفتار کیا۔ بعد میں اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

چنمیانند کے ساتھ اس کے تین اور معاونین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ان تینوں ملزمان کو چنمیانند کو بلیک میل کر کے اس سے بڑی رقم وصول کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر آئی ٹی ایکٹ کے ساتھ جبراً رقم وصولی اور ثبوت مٹانے کا الزام لگا ہے۔


انہوں نے بتایا کہ ایس آئی ٹی نے پولس کی ٹیم کے ساتھ پہنچ کر سوامی چنمیانند کو آشرم سے گرفتار کرکے کوتوالی لے کر گئی۔ اس کے بعد ملزم کو طبی تشخیص کے لئے میڈیکل کالج لے جایا گیا۔ چنمیانند کے ٹراما سینٹر میں چیک اپ کے دوران ایس آئی ٹی کے انچارج نوین اروڑہ کے ساتھ دیگر پولس افسران موجود رہے۔

گرفتار کرنے کے بعد چنمیا نند کو چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ جیل میں اس کے ساتھ تفتیشی ایجنسی ایس آئی ٹی کے لوگ بھی تھے جو اسے چھوڑ کر واپس آگئے۔

واضح رہے کہ متاثرہ طالبہ نے چار دن قبل مجسٹریٹ کے سامنے دفعہ 164 کے تحت اپنا قلم بند بیان درج کرایا تھا، جس میں اس نے چنمیانند پر کئی بار عصمت دری کرنے اور نہاتے وقت اس کے ویڈیو بنانے کا الزام لگایا تھا۔


طالبہ نے اپنے الزام میں 59 ثبوت پیش کیے تھے جس میں 40 سے زیادہ ثبوت ایک پین ڈرائیو میں تھے۔ طالبہ کا بیان آنے کے بعد سے ہی چنمیانند پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی تھی۔ بیان دینے کے دن سے ہی سوامی کی طبیعت خراب ہو گئی۔ کل شام ڈاکٹروں نے اسے سنجے گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، لکھنؤ بھیجنے کے لئے کہا تھا، لیکن وہ اپنے آشرم میں بنی رہائش گاہ پر آ گیا۔

غورطلب ہے کہ متاثرہ طالبہ نے سوامی چنمیانند کی گرفتار میں تاخیر ہونے پر برہمی کا اظہار کیا تھا، نیز اس نے دھمکی دی تھی کہ اگر سوامی کو گرفتار نہیں کیا گیا تو وہ خودکشی کر لے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2019, 1:10 PM