عوامی مقامات پر اسکول یونیفارم پہنے بچوں کے داخلہ کو ممنوع قرار دیا جائے، حقوق اطفال کمیشن کا مطالبہ

اتر پردیش کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال نے مشورہ دیا ہے کہ طلبا کو اسکول یونیفارم میں اور اسکول کے اوقات میں مالز، ریستوراں، ہوٹلوں، پارکوں یا کسی اور عوامی مقامات پر داخلہ نہیں دیا جانا چاہیے

علامتی تصویر / Getty Images
علامتی تصویر / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: اتر پردیش کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال (ایس سی پی سی آر) نے مشورہ دیا ہے کہ طلبا کو اسکول یونیفارم میں اور اسکول کے اوقات میں مالز، ریستوراں، ہوٹلوں، پارکوں یا کسی اور عوامی مقامات پر داخلہ نہیں دیا جانا چاہیے۔ ایس سی پی سی آر کی رکن سچتا چترویدی نے کہا کہ بچوں کو کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچانے کے لیے یہ قدم اٹھانا ضروری ہے۔ جب وہ اپنے والدین یا سرپرستوں کے بغیر اسکول کے اوقات میں عوامی مقامات پر جاتے ہیں، تو انہیں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

چترویدی نے ریاست کے تمام 75 ضلع مجسٹریٹوں کو لکھے ایک خط میں کہا کہ کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ اکثر طلبا اسکول کے اوقات کے دوران دیگر عوامی مقامات جیسے پارکس، ریستوراں، مال میں وقت گزارتے ہیں۔ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کا امکان رہتا ہے۔


خط میں کہا گیا ہے کہ ’’طلبا کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے، ضلع مجسٹریٹوں سے درخواست ہے کہ وہ اپنے ضلع کے تمام عوامی مقامات پر اسکول کے اوقات میں اسکول یونیفارم میں طلبا کے داخلے پر پابندی عائد کریں۔‘‘ چترویدی نے کہا کہ 18 سال کی عمر تک کے تمام نابالغوں کے مفادات کا تحفظ کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے، ریاستی کمیشن برائے تحفظ حقوق اطفال اس پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں اپنا کام کر رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔