بی جے پی اپنے کیڈر کی بات نہیں سنتی، اس لیے 15 سیٹوں تک محدود ہو گئی: بھوپیش بگھیل
کانگریس کی میٹنگ میں حصہ لینے کے لیے دہلی روانہ ہونے سے قبل بگھیل نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کہتی ہے وہ کیڈر بیس پارٹی ہے، لیکن اپنے کیڈر کی ہی بات نہیں سنتی۔‘‘
اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی چھتیس گڑھ میں سیاسی پارہ چڑھنے لگا ہے۔ برسراقتدار پارٹی کانگریس پھر سے اقتدار میں واپسی کو لے کر پراعتماد ہے، وہیں بی جے پی اقتدار میں واپسی کی کوششیں کر رہی ہے۔ حالانکہ پارٹی کی حالت ریاست میں اچھی نہیں بتائی جا رہی ہے۔ اسی درمیان چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے بی جے پی کو لے کر کہا کہ وہ خود کو کیڈر پر مبنی پارٹی بتاتی ہے، لیکن وہ کیڈر کا غلط استعمال کرتی ہے۔ اگر وہ کیڈر کی بات سنتی ہوتی تو حکومت میں 15 سال رہنے کے بعد 15 سیٹوں تک نہیں محدود ہوتی۔
کانگریس کی میٹنگ میں حصہ لینے کے مقصد سے دہلی روانہ ہونے سے قبل بگھیل نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کہتی ہے وہ کیڈر بیس پارٹی ہے، وہ کیڈر سے کہتی ہے کہ وہ ان کے لیے ووٹ یکجا کرنے کا کام کرے، لیکن کیڈر کی بات نہیں سنتی۔ اگر اپنے کیڈر کی وہ بات سن لیتے تو 15 سال اقتدار میں رہنے کے بعد 15 سیٹ تک محدود نہیں ہوتے۔ یہاں ماتھر صاحب کی بھی نہیں چلی اس لیے ان کا بھی آنا بند ہو گیا۔‘‘
جب نامہ نگاروں نے بھوپیش بگھیل سے سوال کیا کہ ریاست میں اسمبلی انتخاب کا اعلان ہو چکا ہے، کانگریس اپنے امیدواروں کی فہرست کب جاری کرے گی؟ تو بگھیل نے کہا کہ ’پتری پکش‘ کے بعد 15 اکتوبر کو امیدواروں کی فہرست جاری ہو سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔