وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کاغذات نامزدگی داخل کئے، کارکنان نے لگائے ’کھیلا ہوبے‘ کے نعرے
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کر دئے
کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ ممتا بنرجی نے جمعہ کے روز بھوانی پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کر دئے۔ بھوانی پور میں 30 ستمبر کو ووٹنگ ہوگی اور تین اکتوبر کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔
بھوانی پور سیٹ پر ممتا بنرجی کو ٹکر دینے کے لئے بی جے پی نے پرینکا ٹبرے والا اور لیفٹ فرنٹ نے سریجیب بسواس کو موقع دیا ہے۔ جبکہ کانگریس نے امیدوار نہیں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران ٹی ایم سی کارکنان نے ممتا بنرجی کے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد ’کھیلا ہوبے‘ کے نعرے لگائے۔
بنگال میں اپریل-مئی کے مہینے میں اسمبلی انتخاب اختتام پذیر ہوئے تھے۔ تب ممتا بنرجی نے اپنی روایتی سیٹ بھوانی پور چھوڑ کر نندی گرام سے انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نندی گرام میں سخت مقابلہ کے دوران ممتا بنرجی اپنے سابق معاون بھوبندو ادھیکاری سے ہار گئی تھیں۔ تاہم پارٹی نے بنگال بھر میں تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔
نندی گرام میں ممتا کی ہار کے بعد ریاست میں کابینہ وزیر اور بھوانی پور سے ٹی ایم سی کے رکن اسمبلی سوبھن دیب چٹوپادھیائے نے وزیر اعلی کے لئے اپنی سیٹ چھوڑ دی۔ اب وزیر اعلیٰ کے عہدے پر برقرار رہنے کے لئے ممتا بنرجی کو ضمنی انتخاب میں جیت درج کرنا ہوگی۔ ممتا بنرجی بنیادی طور پر بھوانی پور کی ہی رہائشی ہیں اور انہوں نے 2011 اور 2016 میں پہلی مرتبہ یہاں سے جیت درج کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔