یومِ آزادی کے سرکاری اشتہار سے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تصویر غائب! آتشی نے جاری کیا نوٹس
یوم آزادی کے سرکاری اشتہار سے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تصویر غائب تھی، جس کے بعد دہلی حکومت نے متعلقہ محکمہ کے عہدیداروں سے نوٹس بھیج کر جواب طلب کیا ہے
نئی دہلی: دہلی حکومت اور افسران کے درمیان ایک نیا تنازع شروع ہو گیا ہے۔ اس کی شروعات اشتہار میں وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی تصویر کے غائب ہونے سے ہوئی۔ دہلی کی وزیر آتشی نے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی تصویر کے بغیر یوم آزادی پر اشتہارات جاری کرنے پر سخت موقف اختیار کیا ہے۔ اس کے لیے آتشی نے انفارمیشن اینڈ پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اور سکریٹری کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔
آتشی نے اپنے نوٹس میں لکھا، ’’تاریخ 14 اگست 2024 کی تحریری ہدایات اور وزیر اعلیٰ کی تصویر کے ساتھ ایک مکمل صفحہ کے اشتہار پر مشتمل تخلیقی اور میڈیا پلان کی واضح منظوری دئے جانے کے باوجود، وزیر کی اجازت کے بغیر 15 اگست 2024 کو ہدایات کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کی تصویر کے بغیر نصف صفحات پر مشتمل اشتہار جاری کیا گیا، جو جان بوجھ کر وزیر کی ہدایات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔‘‘
وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرتے ہوئے وزیر آتشی نے عہدیداروں سے پوچھا ہے کہ آپ کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے! حال ہی میں دہلی میں پرچم کشائی کو لے کر بھی ایک تنازعہ شروع ہو گیا تھا جب آتشی کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی جگہ قومی پرچم لہرانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق دہلی حکومت کے ماتحت محکمہ نے گزشتہ ہفتے وزیر اعلیٰ کیجریوال کی تصویر لگانے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ یہ کسی ایسے شخص کی تشہیر نہیں ہے جو کسی معاملہ میں جیل میں بند ہے۔ کہا گیا کہ یوم آزادی کسی دوسرے تہوار کی طرح نہیں ہے۔ قواعد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ کسی شخص کی تشہیر کا پروگرام نہیں ہے، خاص طور پر جب ناگزیر حالات میں کوئی شخص عدالتی تحویل میں ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔