چدمبرم نے کھولی وزیر مالیات کے دعووں کی قلعی، کئی ریاستیں جی ایس ٹی بقایہ سے محروم
سابق مرکزی وزیر مالیات نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ راجستھان کا مئی تک کا جی ایس ٹی بقایہ 7142 کروڑ روپے اور چھتیس گڑھ کا جی ایس ٹی بقایہ 3069 کروڑ روپے ہے، لیکن وزیر مالیات کا دعویٰ کچھ اور ہے۔
ہندوستان کے سابق وزیر مالیات اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے آج ریاستوں کے جی ایس ٹی بقایہ کی ادائیگی پر وزیر مالیات سیتارمن کے دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی۔ انھوں نے دلائل کے ساتھ الزام عائد کیا کہ وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے دعووں کے برعکس کانگریس حکمراں ریاست راجستھان اور چھتیس گڑھ کا جی ایس ٹی بقایہ ابھی تک ادا نہیں کیا گیا ہے۔
پی چدمبرم نے کہا کہ ’’جی ایس ٹی بقایہ جات کی تعداد اور زیادہ بڑی ہے۔ راجستھان کے لیے 31 مارچ 2021 تک جی ایس ٹی بقایہ 4635 کروڑ روپے تھا۔ اس نمبر کا تذکرہ وزیر اعلیٰ کے وزیر مالیات کو لکھے خط میں کیا گیا تھا۔ اس میں 22-2021 میں مئی تک 2507 کروڑ روپے مزید جڑے۔ اب تک کل بقایہ 7142 کروڑ روپے ہے۔‘‘ سابق وزیر مالیات نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اسی طرح چھتیس گڑھ کے لیے یکم جون 2021 تک جی ایس ٹی بقایہ 3069 کروڑ روپے ہے۔ پھر بھی وزیر مالیات نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے سبھی ریاستوں کو جی ایس ٹی بقایہ رقم کی ادائیگی کر دی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے مطابق مئی مہینے کے لیے جی ایس ٹی جمع 102709 کروڑ روپے رہا، یہ لگاتار آٹھواں مہینہ ہے جب جی ایس ٹی کی وصولی 1 لاکھ کروڑ روپے سے اوپر رہی ہے۔ ہندوستان کا مجموعی جی ایس ٹی فنڈ اپریل 2021 میں 1.41 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جس نے کورونا کی تازہ لہر سے پیدا مشکلات کے مدنظر کم وصولی کے سبھی امکانات کو ختم کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔