چھتیس گڑھ: تصادم میں شہید جوانوں کی تعداد بڑھ کر 8 ہوئی، 21 لاپتہ
بیجا پور ضلع میں پولیس اور ماؤ نوازوں کے مابین تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہے تصادم میں ایک دن بعد آج صبح شہید ہونے والے جوانوں کی تعداد پانچ سے بڑھ کر 8 ہوگئی ہے اور مزید 21 جوان لاپتہ ہیں
بیجاپور: چھتیس گڑھ کے بیجا پور ضلع میں پولیس اور ماؤ نوازوں کے مابین تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہے تصادم میں ایک دن بعد آج صبح شہید ہونے والے جوانوں کی تعداد پانچ سے بڑھ کر 8 ہوگئی ہے اور مزید 21 جوان لاپتہ ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق 31 جوانوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے تقریباً ایک درجن کو علاج کے لئے راجدھانی رائے پور بھیج دیا گیا ہے۔ باقی کا یہاں کے اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ پولیس کا خیال ہے کہ اس تصادم میں کچھ ماؤ نواز بھی ہلاک ہوئےہیں، جن کی لاشیں ماؤ نوازوں کے قبضے میں ہی ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق جنگل میں پہاڑیوں سے گھرے علاقے میں سینکڑوں کی تعداد میں ماؤنوازوں نے گشتی ٹیم پر حملہ کیا۔ گشتی ٹیم میں بھی کم از کم 100 جوان ہونے کی بات کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تصادم کا مقام یہاں سے تقریباً 75 کلو میٹر دور ہے اور وہاں سے اب بھی جوانوں کی واپسی کا انتظار ہے۔ اس کے ساتھ ہی مشترکہ پولیس دستہ بھی جائے واقعہ کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔تصادم کل دن میں تقریباً دو بجے شروع ہوا تھا اور دیر شام تک جاری رہا ۔ پہاڑیوں سے گھرے علاقے میں کل دیر رات تک پانچ جوانوں کے شہید ہونے کی تصدیق سینئر افسر نے کی تھی۔ زخمیوں میں سے 12 جوانوں کو کل دیر شام ہی ہیلی کاپٹر سے رائے پور بھیج دیا گیا تھا، باقی تقریبا ً 24 جوانوں کو علاج کے لئے بیجا پور اسپتال لایا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تصادم بیجا پور اور سکما ضلع کی سرحد پر ترریم علاقے کے جنگلوں میں ہوا۔ بتایا گیا ہےکہ یہاں پر کچھ دنوں سے ماؤنوازوں کے یکجا ہونے کی اطلاع پر گشتی ٹیم بھیجی گئی تھی۔ گشتی ٹیم میں سیکڑوں جوان شامل تھے۔ شہید اور زخمی ہوئے جوانوں کے ناموں کے بارے میں ابھی بتایا نہیں گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔