چھتیس گڑھ: سکما میں نکسلیوں نے فوجی جوانوں پر کیا حملہ، ہتھیار لوٹ کر فرار
ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق فوجی جوانوں پر اس وقت حملہ کیا گیا تھا، جب وہ ہفتہ واری بازار میں سیکورٹی پر تعینات تھے۔ دونوں زخمی جوانوں کا نام کرٹم دیوا اور سوڈھی کنا ہے۔
چھتیس گڑھ کے سکما ضلع میں ہفتہ کی صبح نکسلیوں نے دو فوجی جوانوں پر جان لیوا حملہ کر دیا۔ یہ واقعہ نکسل متاثرہ علاقے جگرگنڈہ تھانہ کے ہفتہ وار بازار میں پیش آیا۔ اس حملے میں ایک فوجی کی حالت تشویشناک ہے۔ معلومات کے مطابق، فوجی جوان ہفتہ وار بازار میں سیکورٹی پر تعینات تھے جب ان پر حملہ ہوا۔ زخمی فوجیوں کے نام کرٹم دیوا اور سوڈھی کنا ہیں۔
حملے کے بعد نکسلیوں نے فوجیوں کی رائفلیں بھی لوٹ لیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور زخمیوں کو ابتدائی علاج کے لیے دنتے واڑہ اسپتال بھیجا گیا، جہاں سے انہیں مزید علاج کے لیے ہیلی کاپٹر سے رائے پور بھیجے جانے کا امکان ہے۔
اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ مقامی افراد خوفزدہ ہیں، جبکہ پولیس نے جگرگنڈہ تھانہ سے مزید اہلکاروں کے ساتھ تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔
سکما کے ایس پی کرن چوہان کے مطابق، یہ واقعہ تھانے سے تقریباً 1.5 کلومیٹر کی دوری پر پیش آیا، جہاں سیکورٹی اہلکاروں کو ہفتہ وار بازار میں تعینات کیا گیا تھا۔ نکسلی مقامی لباس میں ملبوس ہو کر دھار دار ہتھیاروں سے اچانک حملہ آور ہوئے۔ پولیس علاقے میں امن و امان قائم کرنے کے لیے مسلسل گشت کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔