سابق وزیر اعلیٰ رمن سنگھ کے داماد پر گھوٹالہ کا الزام، ایف آئی آر درج

چھتیس گڑھ پولس کے مطابق پنیت گپتا پر سرکاری اسپتال ’ڈی کے ایس‘ کے سپرنٹنڈنٹ عہدہ پر رہتے ہوئے 50 کروڑ روپے کے مبینہ مالی بے ضابطگی کا الزام ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی کے سینئر لیڈر اور چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ رمن سنگھ کے داماد پر گھوٹالے کا الزام عائد ہوا ہے۔ ان کے داماد پنیت گپتا پر 50 کروڑ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگی کا الزام ہے۔ جمعہ کو ان کے خلاف معاملہ بھی درج کر لیا گیا ہے اور پولس نے معاملے کی تحقیقات کی بات کہی ہے۔

پولس کا کہنا ہے کہ پنیت گپتا پر سرکاری اسپتال ’ڈی کے ایس‘ کےسپرنٹنڈنٹ عہدہ پر رہتے ہوئے 50 کروڑ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگی کا الزام ہے۔ رائے پور کے ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ پرفل ٹھاکر کے مطابق رمن سنگھ کے داماد کے خلاف ٹھگی اور دھوکہ دہی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ان پر یہ معاملہ ڈی کے ایس اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کمل کشور کی شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔ اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کمل کشور کا کہنا ہے کہ پنیت گپتا نے اپنے دور میں 50 کروڑ روپے کی مبینہ مالی بے ضابطگی کی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رمن سنگھ کے خلاف ہیلی کاپٹر گھوٹالہ معاملہ میں بھی جانچ کا مطالبہ ہوا تھا۔ 2017 میں چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلیٰ اجیت جوگی نے ہیلی کاپٹر گھوٹالے میں ان کے خلاف جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے خلاف جانچ شروع کرنی چاہیے۔ جوگی نے پناما دستاویز معاملوں میں بھی مبینہ طور پر رمن سنگھ کے بیٹے ابھشیک سنگھ کے بیرون ملکی بینک اکاؤنٹ سے منسلک معاملے کی کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔ جانچ نہیں شروع ہونے پر جوگی نے بھوک ہڑتال کرنے کی بھی دھمکی دی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Mar 2019, 3:09 PM