واجپئی کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے بی جے پی وزراء قہقہہ لگاتے نظر آئے
اٹل بہاری واجپئی کا ’استھی کلش‘جب رائے پور پہنچا تو وزیر اعلیٰ رمن سنگھ اور ان کے سبھی وزراء خراج عقیدت پیش کرنے پہنچے۔ اس تقریب میں اجے چندراکر اور برج موہن کا قہقہہ لگاتے ہوئے ویڈیو سامنے آیا ہے۔
بی جے پی سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کے بعد ان کے نام پر سیاست تو کر ہی رہی ہے، ان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد تقریب کو ہنسی مذاق کی محفل بھی بنا رہی ہے۔ ہنسی مذاق کا کچھ ایسا ہی نظارہ چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ریاستی وزراء اجے چندراکر اور برج موہن نے پیش کیا۔ دراصل واجپئی کے باقیات کو پورے ملک کی مختلف ندیوں میں بہایا جا رہا ہے۔ اسی کے تحت گزشتہ جمعرات 23 اگست کو اٹل جی کا ’استھی کلش‘ چھتیس گڑھ کے رائے پور پہنچا تھا۔ اس دوران خراج عقیدت تقریب میں ریاست کے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ، ان کے تمام وزراء اور ریاستی بی جے پی کے سبھی بڑے لیڈر موجود تھے۔ تقریب کی ویڈیو گرافی بھی ہو رہی تھی۔ اسی دوران ویڈیو میں ایک لمحہ ایسا بھی قید ہوا جب چھتیس گڑھ حکومت میں وزیر اجے چندراکر اور برج موہن اگروال قہقہہ لگا رہے ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ خوب ہنسی مذاق کر رہے ہیں۔
اس ویڈیو میں چھتیس گڑھ بی جے پی کے صدر دھرم لال کوشک دونوں وزراء کو کچھ سمجھاتے ہوئے بھی نظر آئے جس کے بعد وہ سنبھل گئے۔ سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہو رہا ہے اور کئی لوگ بی جے پی وزراء کی اس حرکت کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ چھتیس گڑھ کانگریس لیڈران اس عمل کو اٹل بہاری واجپئی کی بے عزتی قرار دے رہے ہیں اور کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ وزراء اٹل جی کے تئیں کوئی محبت نہیں رکھتے صرف اپنا اُلّو سیدھا کرنے کے لیے تقاریب کا انعقاد کر رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بی جے پی لیڈروں کا غم کے موقعوں پر بھی ہنسی مذاق کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم نریندر مودی کی ایک تصویر خوب وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اٹل بہاری واجپئی کی عیادت کے بعد ڈاکٹروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے چہرے پر مسکراہٹ تیر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔