چھتیس گڑھ: ’بَستر بٹالین‘ جلد تشکیل دی جائے، بھوپیش بگھیل کا امت شاہ سے مطالبہ
بھوپیش بگھیل نے امت شاہ کو خط لکھ کر بستر کے نوجوانوں کے لیے خصوصی بھرتی ریلی اور ایک اضافی بستر بٹالین کی تشکیل نیز ماضی میں منظور شدہ سی آر پی ایف بٹالینز جلد ازجلد دستیاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے
رائے پور: چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر بستر کے نوجوانوں کے لیے خصوصی بھرتی ریلی اور ایک اضافی بستر بٹالین کی تشکیل نیز ماضی میں منظور شدہ سات سی آر پی ایف بٹالینز ریاست کو جلد ازجلد دستیاب کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
بھوپیش بگھیل نے امت شاہ کو جمعہ کے روز لکھے مکتوب میں کہا ہے کہ نکسلیوں کے خاتمے کے لیے سال 2018 میں وزارت داخلہ کے ذریعہ چھتس گڑھ کے لیے سات اضافی سی آر پی ایف بٹالین الاٹ کی گئی تھی۔ اسے جنوبی بستر کے نکسل متاثرہ علاقوں میں تعینات کیا جانا تھا، منتخب مقامات پر ضروری تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا ہے، اس لیے ماضی میں الاٹ کی جانے والی سات سی آر پی ایف بٹالینوں کو ریاست کو بہت ہی جلد دستیاب کرایا جائے۔
انہوں نے خط میں کہا کہ نکسل متاثرہ علاقوں میں مواصلاتی سہولت میں اضافہ کی غرض سے 1028 موبائیل ٹاوروں کے قیام کو منظوری دی گئی تھی،اس کے لیے لوکیشنز کا انتخاب کر کے وزارت داخلہ کو بھیجا جاچکا ہے،ٹاورز کاکام جلد کیا جائے،جس کا فائدہ عام لوگوں کے ساتھ ہی سیکوریٹی فورسز کو بھی ہوسکے۔
بگھیل نے اس خط میں بستر کے نوجوانوں کے لیے فوج کے ذریعہ خصوصی بھرتی ریلی کے انعقاد کی درخواست کرتے ہوئے مرکزی مسلح پولیس دستوں کی ایک اضافی بستریا بٹالین کی تشکیل کی بھی درخواست کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔