چھتیس گڑھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منوج منڈاوی کا انتقال، دل کا دورہ پڑنے کے بعد اسپتال لے جاتے وقت توڑا دم

چھتیس گڑھ ودھان سبھا کے ڈپٹی اسپیکر منوج منڈاوی کا اتوار کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ان کی عمر 58 برس تھی۔ ان کے پسماندگان میں بیوی اور دو بیٹے ہیں

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

رائے پور: چھتیس گڑھ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر اور بھانو پرتاپ پور سے رکن اسمبلی منوج منڈاوی کا اتوار کے روز حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 58 برس تھی اور پسماندگان میں بیوی اور دو بیٹے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق منوج منڈاوی ہفتہ کی شب دھمتری کے سرکٹ ہاؤس میں قیام کر رہے تھے اور اتوار کی صبح اچانک انہیں دل کا دورہ پڑ گیا۔ منڈاوی کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

منوج مانڈاوی کی آخری رسومات ان کے چاراما کے قریب واقعہ آبائی گاؤں میں ادا کی جائیں گی۔ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے انتقال کی خبر کے بعد ریاست بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے ان کے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ منوج منڈاوی ایک سینئر قبائلی رہنما تھے۔ وہ نو تشکیل شدہ چھتیس گڑھ کے وزیر مملکت برائے داخلہ اور قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سمیت کئی اہم عہدوں پر فائز رہے اور ریاست کی خدمت کی۔


وہ سال 1998 میں غیر منقسم مدھیہ پردیش قانون ساز اسمبلی کے رکن اور سال 2013 اور 2018 میں چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی کے رکن کے طور پر منتخب ہوئے۔

نومبر-2000 میں الگ چھتیس گڑھ ریاست کے قیام کے بعد منڈاوی اس وقت کی اجیت جوگی حکومت میں وزیر رہے۔ چھتیس گڑھ میں، قبائلی اکثریتی علاقے بستر کے ایک بااثر لیڈر اور بھانو پرتاپ پور سے کانگریس کے ایم ایل اے، منڈاوی کو متفقہ طور پر دسمبر-2019 میں ریاستی قانون ساز اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔