راجیہ سبھا کے لیے سنیترا پوار کی نامزدگی پر چھلکا چھگن بھجبل کا درد، کہا ’میری خواہش رکن پارلیمنٹ بننے کی تھی‘

بھجبل نے کہا کہ جب پارٹی کے معاملات کی بات آتی ہے تو سب کچھ کسی کی مرضی کے مطابق نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ٹکٹ نہ دینے کی وجوہات ہوسکتی ہیں۔ یہ مقدر یا کسی قسم کی مجبوری بھی ہو سکتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سنیترا پوار کاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے / تصویر: این سی پی سوشل میڈیا</p></div>

سنیترا پوار کاغذات نامزدگی داخل کرتے ہوئے / تصویر: این سی پی سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر میں او بی سی کے قد آور لیڈر اور این سی پی اجیت پوار گروپ سے ریاست کے وزیر خوراک چھگھن بھجبل کا درد بالآخر چھلک ہی پڑا۔ وہ رکن پارلیمنٹ بننا چاہتے تھے مگرانہیں موقع نہیں ملا۔ لوک سبھا میں ان کے نام کے اعلان میں تاخیر ہوئی جبکہ راجیہ سبھا میں اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کو نامزد کر دیا گیا۔ چھگن بھجبل کو اس کا اس قدر دکھ ہوا کہ میڈیا کے سامنے اس کا اظہار کر دیا۔

چھگن بھجبل نے جمعہ (14 جون) کو کہا کہ میں رکن پارلیمنٹ بننا چاہتا تھا جس کے لیے میں نے ناسک سے الیکشن لڑنے کی تیاری شروع کر دی تھی۔ مجھے اطلاع دی گئی تھی کہ دہلی سے میرا نام فائنل ہوا ہے جس کے بعد میں نے انتخابی مہم کے تحت کام شروع کر دیا تھا۔ اس کے بعد میرے نام کا اعلان کرنے میں ایک ماہ تک تاخیر کی گئی جو میرے لیے باعث توہین تھی، اس لیے میں نے الیکشن لڑنے سے انکار کر دیا۔ چھگن بھجبل نے یہ بھی کہا کہ وہ چاہتے تھے کہ انہیں راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا جائے۔


چھگن بھجبل میڈیا کے ان سوالوں کا جواب دے رہے تھے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا پوار کی لیے نامزد کیے جانے کے فیصلے سے وہ ناراض ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے ٹکٹوں کے سلسلے میں ان کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے؟ او بی سی لیڈر نے کہا کہ یہ سوال ان (فیصلہ کرنے والوں) سے کیا جانا چاہیے۔ واضح رہے کہ شرد پوار کی صاحبزادی سپریا سولے سے بارامتی سے لوک سبھا الیکشن ہارنے کے 9 دن بعد ہی سنیترا پوار نے راجیہ سبھا کے ضمنی انتخاب کے لیے این سی پی امیدوار کے طور پر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق چھگن بھجبل نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مہایوتی میں این سی پی کی معاون شیو سینا کے ہیمنت گوڈسے بھی ناسک سے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بھجبل نے کہا کہ انہوں نے اس وقت فیصلہ کیا کہ جس کو بھی ٹکٹ ملے گا انہیں اس سے کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ ناسک سیٹ پر شیو سینا-یو بی ٹی کے راجا بھاؤ وازے نے ناسک سیٹ جیت لی۔

بھجبل نے کہا کہ جب پارٹی کے معاملات کی بات آتی ہے تو سب کچھ کسی کی مرضی کے مطابق نہیں ہوتا ہے۔ چھگن بھجبل نے مزید کہا کہ انہیں ٹکٹ نہ دینے کی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ بعض اوقات یہ تقدیر یا کسی قسم کی مجبوری بھی ہو سکتی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا این سی پی میں ’نسلی سیاست‘ چل رہی ہے تو انہوں نے اس کا کوئی جواب نہیں دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔