کانگریس کو توڑنے کے لئے کروڑوں خرچ کر رہی بی جے پی! کمبل بابا کی آڈیو سے بھونچال

چھتیس گڑھ میں ایک آڈیو کلپ وائرل ہو رہی ہے۔ کلپ میں کمبل بابا کانگریس رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج کو بی جے پی میں شامل ہونے کا آفر دیتے ہوئے سنائے دے رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان سمیت پانچ ریاستوں میں چناؤ کی تاریخوں کے اعلان کے بعد تمام پارٹیاں تشہیر میں مصروف ہیں۔ اس بیچ پس پردہ کانگریس کے ارکان اسمبلی اور رہنماؤں کو توڑنے کے لئے سازش رچ رہی بی جے پی کا چہرہ سب کے سامنے آ گیا ہے۔

چھتیس گڑھ کے وزیر داخلہ رام سیوک پیکرا کی ضیابطیس کی بیماری کا علاج کرنے والے کمبل بابا اور کانگریس کے رکن اسمبلی چنتامنی مہاراج کی گفتگو کی ایک مبینہ آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ آڈیو کلپ میں کمبل بابا کانگریس کے رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج کو بی جے پی میں شامل ہونے کا آفر دیتے سنائی دے رہے ہیں۔ جبکہ کانگریس کے رکن اسمبلی نے بی جے پی میں شامل ہونے سے صاف انکار کر دیا۔ کانگریس کے رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج نے کمبل بابا سے گفتگو کی تصدیق کی ہے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وائرل آڈیو میں کمبل بابا کانگریس کے رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج سے کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی میں شامل ہو جائیے، چناؤ لڑئے اور منتری (وزیر) بننے کی پوری شرط ہے، آپ کا کچھ بھی خرچ نہیں ہوگا۔‘‘ کمبل بابا کا آفر سننے کے بعد کانگریس رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج نے کہا کہ میں کانگریس کے ساتھ دھوکہ دہی نہیں کر سکتا۔ کانگریس رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج آڈیو کلپ میں کہہ رہے ہیں، ’’نہیں، سنئے ہم تو مہاراجا صاحب کو وزیر اعلیٰ کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ پھر ہم منتری بنیں نہ بنیں ہم رکن اسمبلی تو بنے ہی رہیں، صرف اتنا ہی بہت ہے۔‘‘

اس آڈیو میں چھتیس گڑھ پردیش کانگریس کے کارگزار صدر رام دیال اوئیکے کی بی جے پی میں شمولیت کے راز سے پردہ اٹھ گیا ہے۔ کمبل بابا سے بات چیت میں کانگریس کے رکن اسمبلی چنتا منی مہاراج نے کہا کہ ابھی ہمارے کارگزار صدر کو لے گئے، یہ لوگ کس حد تک جا سکتے ہیں اس کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ اس پر کمبل بابا نے کہا، ’’وہ کارگزار صدر آ گئے ہیں، لایا نہیں گیا ہے۔ میں آپ کو باتا دیتا ہوں 10 کروڑ میں سودا ہوا ہے، ان کا وزیر کا عہدہ بھی فائنل ہو گیا ے۔‘‘

چھتیس گڑھ کے وزیر داخلہ رام سیوک پیکرا کی کی ضیابطیس کی بیماری کا علاج کرنے والے کمبل بابا کی ریاست میں اچھی پکڑ بتائی جاتی ہے اور مبینہ آڈیو کلپ میں وہ کانگریس کے رکن اسمبلی کو کھلا آفر دیتے نظر آ رہے ہیں۔ اس آڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد چھتیس گڑھ حکومت حرکت میں آ گئی ہے۔ آڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد ریاست کے وزیر اعلی رمن سنگھ اپنی حکومت اور پارٹی کا بچاؤ کرتے نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ کمبل بابا کا بی جے پی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Oct 2018, 3:09 PM