دہلی-این سی آر میں بدلا موسم، گروگرام میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش، شدید گرمی سے راحت

دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں لوگوں کو چلچلاتی گرمی سے راحت ملی۔ اچانک موسم بدل گیا اور گرد آلود طوفان کے ساتھ بوندا باندی شروع ہو گئی۔ موسم کی تبدیلی نے لوگوں کو گرمی کی شدت سے کچھ راحت دی ہے

<div class="paragraphs"><p>دہلی میں بارش / قومی آواز / وپن</p></div>

دہلی میں بارش / قومی آواز / وپن

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی-این سی آر کے کئی علاقوں میں آج (ہفتہ) کی دوپہر موسم نے اچانک کروٹ لی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے لوگوں کو چلچلاتی گرمی سے کچھ راحت ملی۔ مغربی دہلی میں دھول کے طوفان کی وجہ سے دن میں اندھیرا چھا گیا۔ اس کے ساتھ بعض مقامات پر بوندا باندی بھی دیکھنے میں آئی۔

دہلی سے متصل گروگرام کے کئی حصوں میں درمیانی بارش ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اپنی پیشین گوئی میں یکم جون کو دہلی-این سی آر میں 25 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مٹی کے طوفان کے ساتھ بوندا باندی کی پیش گوئی کی تھی۔

مانسون کی آمد سے پہلے ہی دہلی-این سی آر میں بارش کی سرگرمیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں مانسون کے داخلے کے لیے حالات سازگار دکھائی دے رہے ہیں۔ خیال رہے کہ مانسون کیرالہ میں پہنچ چکا ہے اور جلد ہی یہ دوسری ریاستوں تک پہنچ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ مانسون 30 جون تک دہلی میں پہنچ سکتا ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی میں کل یعنی 2 جون کو تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ اس دوران درجہ حرارت میں کمی ہو سکتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو گرمی کی شدت سے کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق، اس پورے ہفتے دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 سے 44 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے اور کم سے کم درجہ حرارت 30 سے ​​31 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، جنوب مغربی مانسون وقت سے دو دن پہلے یعنی 15 جون تک مدھیہ پردیش میں پہنچنے کا امکان ہے۔ جنوب مغربی مانسون 29 مئی کو کیرالہ اور شمال مشرقی خطے میں داخل ہوا تھا۔ عام طور پر 15 جولائی تک مانسون پورے ملک کا احاطہ کرتا ہے۔


موسم کی پیش گوئی کرنے والے ادارے اسکائی میٹ کے مطابق ویسٹرن ڈسٹربنس اور بحیرہ عرب سے آنے والی نمی کے باعث درجہ حرارت دو ڈگری سے زیادہ گر سکتا ہے۔ وسطی بحیرہ عرب کے کچھ اور حصے، بحیرہ جنوبی عرب کے باقی حصے، لکشدیپ اور کیرالہ، کرناٹک کے کچھ حصے، تمل ناڈو کے کچھ اور حصے، جنوب مغربی اور وسطی خلیج بنگال، شمال مشرقی خلیج بنگال کے باقی حصے، آسام اور میگھالیہ، اور ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم کے کچھ حصوں میں مانسون کے لیے حالات سازگار ہوتے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔