چندریان-2 نے بھیجی چاند کی اب تک کی سب سے خوبصورت ’3 ڈی‘ تصویر!
اِسرو چندریان-3 بھی لانچ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اِسرو کے سائنسداں چندریان-3 کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اِسرو نے چندریان-3 کے لیے کئی کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔
چندریان-2 کا لینڈر وکرم بھلے ہی کہیں گم ہو گیا ہو، لیکن اس کا آربیٹر کامیابی کے ساتھ چاند کا چکر لگا رہا ہے اور تصویریں اِسرو کو بھیج رہا ہے۔ بدھ کے روز بھی آربیٹر نے چاند کی سطح کی ایک خوبصورت تصویر بھیجی ہے جس کے بارے میں سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ کئی طرح کی اہم جانکاریاں فراہم کرنے والی تصویر ہے۔ اِسرو نے چندریان-2 کے ٹیرین میپنگ کیمرے کے ذریعہ کریٹر کے 3 ڈی ویو کی تصویر جاری کی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ یہ تصویر 100 کلو میٹر آربیٹر سے لی گئی ہے۔ تصویر میں چاند کی سطح پر کئی چھوٹے چھوٹے گڈھوں کے ساتھ ایک بہت بڑا گڈھا بھی نظر آ رہا ہے۔
اِسرو کے ذریعہ جاری تصویر میں بڑا سا گڈھا لاوا ٹیوب کی مانند نظر آ رہا ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق لاوا ٹیوب سے زندگی کے امکانات کا پتہ چلتا ہے۔ اس طرح کے گڈھوں سے چاند پر زندگی تلاش کرنے کے عمل میں کافی آسانیاں پیدا ہوں گی۔ چاند پر موجود گڈھے سائنسدانوں کے آگے کی تحقیق کے لیے کافی مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اِسرو آئندہ سال نومبر میں چندریان-3 بھی لانچ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ اِسرو کے سائنسداں چندریان-3 کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اِسرو نے چندریان-3 کے لیے کئی کمیٹیوں کی بھی تشکیل کی ہے۔ اس مشن کی خاص بات یہ ہوگی کہ چندریان-3 مشن میں صرف لینڈر اور روور بھیجا جائے گا۔ اس میں آربیٹر نہیں ہوگا۔ سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ وہ چندریان-2 کے آربیٹر کا ہی استعمال کریں گے۔ یہ آربیٹر آئندہ سات سالوں تک کام کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 14 Nov 2019, 2:11 PM