چندا کوچر کو بامبے ہائی کورٹ نے نہیں دی راحت، تعطیل ختم ہونے کے بعد عرضی داخل کرنے کا مشورہ
چھٹیوں کے درمیان سماعت کر رہی ہائی کورٹ کی بنچ نے کہا کہ سماعت کے لیے کوئی جلدبازی نہیں ہے اور عرضی دہندہ 2 جنوری کے بعد ریگولر بنچ میں سماعت کے لیے درخواست کر سکتے ہیں۔
آئی سی آئی سی آئی بینک کی سابق منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو افسر چندا کوچر اور ان کے شوہر دیپک کوچر کو بامبے ہائی کورٹ نے راحت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ دراصل دونوں نے سی بی آئی کے ذریعہ کی گئی اپنی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ لیکن ویکیشن کورٹ نے ان کی عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر دیا۔ کورٹ نے کہا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت نہیں کرے گا۔ کورٹ نے چندا کوچر اور ان کے شوہر کو چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ریگولر بنچ میں عرضی داخل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیوکون کو غیر قانونی طریقے سے قرض دینے کے معاملے کا سامنا کر رہی چندا کوچر کی طرف سے بات رکھتے ہوئے ان کے وکیل نے کہا کہ سی بی آئی نے ان کی گرفتاری سے پہلے کوئی منظوری نہیں لی، جو قانون کے تحت ضروری ہے۔ حالانکہ بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملے میں مداخلت سے انکار کر دیا۔ سی بی آئی نے جمعہ کی شب چندا کوچر اور دیپک کوچر کو مختصر پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کر لیا تھا۔ سی بی آئی نے الزام عائد کیا تھا کہ دونوں نے سوالوں کا جواب دینے میں ٹال مٹول والا رویہ اختیار کیا اور جانچ میں تعاون نہیں کیا۔
بہرحال، بتایا جاتا ہے کہ چندا کوچر اور ان کے شوہر نے اپنی عرضی میں سی بی آئی کے ایف آئی آر کو رد کرنے کی بھی اپیل کی تھی۔ لیکن تعطیل میں سماعت کر رہی ہائی کورٹ کی بنچ نے کہا کہ سماعت کے لیے کوئی جلدبازی نہیں ہے اور عرضی دہندہ 2 جنوری کے بعد ریگولر بنچ میں سماعت کے لیے درخواست کر سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔