سماجوادی پارٹی میں ہو سکتا ہے ہنگامہ، لکھنؤ کینٹ سے اپرنا یادو کا ٹکٹ کاٹا
سال 2017 کے اسمبلی انتخابات میں لکھنؤ کینٹ کی سیٹ سے اکھلیش کے چھوٹے بھائی کی اہلیہ اپرنا یادو چناؤ لڑی تھیں لیکن اب ضمنی انتخابات کے لئے ان کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے۔
سماجوادی پارٹی میں ایک مرتبہ پھر ہنگامے کے آثار ہیں کیونکہ ضمنی انتخابات میں لکھنؤ سیٹ سے ملائم سنگھ کی چھوٹی بہو اپرنا یادو کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا ہے۔ سماجوادی پارٹی نے اس سیٹ سے اپرنا کی جگہ میجر آشیش چترویدی کو ٹکٹ دیا ہے۔ واضح رہے کہ سال 2017 میں اس سیٹ سے اپرنا یادو سماجوادی پارٹی کی امیدوار تھیں اور وہ کانگریس سے بی جے پی میں گئیں ریتا بہوگنا سے ہار گئی تھیں۔سماجوادی پارٹی نے اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے لئے جہاں میجر آشیش چترویدی کو لکھنؤ کینٹ سیٹ سے ٹکٹ دیا ہے وہیں کانپور کی گووند نگر سیٹ سے سمراٹ وکاس کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے سابق سربرہ اور موجودہ سرپرست ملائم سنگھ یادو نے سال 2017 میں اپنی پارٹی کے تین امیدواروں کے لئے تشہیر کی تھی اور تین امیدواروں میں اپرنا یادو بھی شامل تھیں۔ ملائم سنگھ یادو نے اپرنا کے ساتھ جسونت نگر سے شیو پال یادو اور ملہنی سے پارسناتھ یادو کے لئے بھی تشہیر کی تھی۔
واضح رہے کہ ریتا بہوگنا جوشی پہلے یوگی کابینہ میں وزیر تھیں لیکن سال 2019 کے عام انتخابات میں وہ بی جے پی کی پارلیمنٹ کی امیدوار تھیں اور انہوں نے پریاگ راج کی اپنی پارلیمانی سیٹ جیت لی تھی جس کی وجہ سے لکھنؤ کینٹ اسمبلی سیٹ خالی ہو گئی تھی۔ ضمنی انتخابا ت کے لئے بی ایس پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے لیکن ابھی بی جے پی نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا ہے۔
قابل غور ہے کہ اتر پردیش میں 12 سیٹوں کے لئے ضمنی انتخابات ہونے والے ہیں اور سماجوادی پارٹی نے ان 12 سیٹوں میں سے پانچ کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹنڈلا اسمبلی سیٹ سے مہاراج سنگھ دھنگر، بلہا (ایس سی) اسمبلی سیٹ سے کرن بھارتی اور گنگوہ اسمبلی سیٹ سے چودھری اندرسین کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ ان سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ووٹنگ ہونی ہے جبکہ 24 اکتوبر کو ووٹ شماری ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔