چمپئی سورین نے جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا، عالمگیر عالم اور ستیہ نند بھوکتا کی وزیر کے طور پر حلف برداری
ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد آج (2 فروری) چمپئی سورین نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا۔ ان کے ساتھ کانگریس کے عالمگیر عالم اور آر جے ڈی کے ستیہ نند بھوکتا نے کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا
رانچی: ہیمنت سورین کے استعفیٰ کے بعد آج (2 فروری) چمپئی سورین نے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لے لیا۔ ان کے ساتھ کانگریس کے عالمگیر عالم اور آر جے ڈی کے ستیہ نند بھوکتا نے کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے سبھی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔
خیال رہے کہ ہیمنت سورین نے 31 جنوری کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے بعد چمپئی سورین کو جے ایم ایم کی میٹنگ میں قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ چمپئی سورین اور الائنس کے دیگر لیڈروں نے 31 جنوری کی رات کو گورنر سی پی رادھا کرشنن سے ملاقات کی تھی جبکہ دوسرے دن بھی یہ لوگ گورنر سے ملے، جس کے بعد حلف برداری کے لیے آج کی تاریخ طے کی گئی۔ چمپئی سورین کو 10 دن میں اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنا ہو گی۔
چمپئی سورین پہلے ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ تھے۔ انہیں جے ایم ایم کے سربراہ شیبو سورین کا قریبی وفا دار سمجھا جاتا ہے۔ 1990 کی دہائی میں علاحدہ (جھارکھنڈ) ریاست کی موومنٹ میں انہوں نے طویل جدوجہد کی جس کی وجہ سے انہیں ’جھارکھنڈ ٹائیگر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ چمپئی سورین نے 1991 میں سرائے کیلا سیٹ سے ضمنی انتخاب میں آزاد ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہوکر اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔
جھارکھنڈ میں نئے وزیر اعلی کے انتخاب کا عمل اس وقت شروع ہوا جب ای ڈی نے ہیمنت سورین کو مبینہ زمین گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا۔ ہیمنت پہلے راج بھون گئے اور وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا، پھر ای ڈی کی گرفتاری کے میمو پر دستخط کئے۔ ہیمنت کے ای ڈی کی حراست میں جانے کے بعد، جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور اتحاد میں شامل جماعتوں نے چمپئی سورین کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا۔ ادھر ہیمنت سورین کو سپریم کورٹ میں جھٹکا لگا ہے۔ عدالت عظمیٰ نے ان کی درخواست پر سماعت کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کو کہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔