صرف صنعت کاروں کو فائدہ پہنچانا چاہتی ہے مرکزی حکومت: بھوپیش بگھیل

کانگریس کے سینئر لیڈر اورچھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل نے کہا کہ مودی کی رہنمائی والی این ڈی اے حکومت غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کی بھلائی کےلئے نہیں بلکہ کچھ صنعتکاروں کو فائدہ پہچانے کے لئے ہے

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

یو این آئی

بھاگلپور: کانگریس کے سینئر لیڈر اورچھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل نے مرکزی حکومت پر طنز کرتے ہوئے سنیچر کو کہا کہ نریندر مودی کی رہنمائی والی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حکومت غریبوں، کسانوں اور مزدوروں کی بھلائی کے لئے نہیں بلکہ کچھ صنعتکاروں کو فائدہ پہچانے کے لئے ہے۔

بگھیل نے ضلع کے گوراڈیہ بلاک کے مکتاپور گاؤں میں کہل گاؤں علاقے سے کانگریس کے امیدوار شبھانند مکیش کی حمایت میں منعقد انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے دور میں جہاں کسان، مزدوروں کے روپے ختم ہوتے جارہے ہیں وہیں ملک کے بڑے صنعت کار امبانی اوراڈانی مسلسل امیر ہورہے ہیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ مودی حکومت کو کسانوں، مزدوروں اور غریبوں سے کوئی مطلب نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کہتی ہے کہ نئے زرعی اصلاحات قوانین کسانوں کی بھلائی کے لئے ہیں لیکن یہ قانون صرف صنعت کاروں کے لئے بنایا گیا ہے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ چھتیس گڑھ میں 2200 روپے فی کوئنٹل دھان خریدے جاتے ہیں اور بہار کے کسانوں کو 1200 روپے فی کوئنٹل کی شرح سے دھان بیچنا پڑرہاہے۔

بگھیل نے کہا، پورے ملک میں چھتیس گڑھ ایک ایسی ریاست ہے جہاں دو روپے فی کلوگرام کی شرح سے حکومت گوبر بھی خرید رہی ہے تاکہ کسانوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔ وہاں پر جس کسان کے پاس چار گائیں ہیں ان کے گوبر کی فروخت کرکے بیس سے پچیس ہزار روپے فی ماہ کمائے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔