مرکز دو سال تک معدنی بلاکس کی نیلامی کا موجودہ عمل جاری رکھے: اشوک گہلوت
اشوک گہلوت نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ پری ایمبیڈڈ کلیئرنس سسٹم میں طویل اور پیچیدہ عمل کی وجہ سے ریاست کے معدنی بلاکس کی نیلامی میں غیر ضروری تاخیر ہوگی۔
جے پور: راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت سے معدنی بلاکس کی نیلامی کے موجودہ عمل کو جاری رکھتے ہوئے ’پری ایمبیڈڈ کلیئرنس‘ نظام کو تیار کرنے کے لیے ریاستی حکومت کو دو سال کا وقت دینے کی درخواست کی۔
اشوک گہلوت نے پارلیمانی امور، کوئلہ اور کانوں کے وزیر پرہلاد جوشی کو ایک مکتوب ارسال کر کے اس ضمن میں درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پری ایمبیڈڈ کلیئرنس سسٹم میں طویل اور پیچیدہ عمل کی وجہ سے ریاست کے معدنی بلاکس کی نیلامی میں غیر ضروری تاخیر ہوگی۔ اشوک گہلوت نے اپنے خط میں پوٹاش معدنیات کی فروخت اور رائلٹی رائٹس کے تعین پر جلد فیصلہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
محکمہ معدنیات کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ڈاکٹر سبودھ اگروال نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے پری ایمبیڈڈ کلیئرنس سسٹم میں مائینگ پلان کی منظوری، وزارت ماحولیات اورجنگلات سے منظوری کے ساتھ ساتھ حصول اراضی کے طویل عمل میں مزید وقت لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ اشک گہلوت نے مرکزی وزیر جوشی کو لکھے گئے ایک خط میں واضح کیا ہے کہ کورونا وبا کی موجودہ صورتحال سے معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے صنعتوں کے بند ہونے کے باوجود راجستھان میں معدنیات پر مبنی صنعتیں اور سرگرمیاں جاری تھیں، جس سے مشکل حالات کے باوجود کان کنی شعبے میں گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں اس مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 72 فیصد سے زیادہ آمدنی کمائی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔