جنرل بپن راوت کو ’بھارت رتن‘ سے نوازا جائے، دہلی کانگریس کی مرکز سے اپیل
دہلی کانگریس صدر انل چودھری نے سی ڈی ایس کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کہا کہ پورا ملک سی ڈی ایس راوت اور دیگر جوانوں کے انتقال سے غمزدہ ہے، ملک کے لیے یہ ایک بڑا خسارہ ہے۔
تمل ناڈو میں ہوئے ہیلی کاپٹر حادثہ میں ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، ان کی بیوی مدھولیکا راوت اور دیگر 11 فوجی جوان کی آج آخری رسومات ادا ہوگئیں۔ اس درمیان دہلی کانگریس نے مرکزی حکومت سے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کو ’بھارت رتن‘ سے نوازے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دراصل ملک سے لے کر بیرون ممالک تک سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور دیگر جوانوں کے انتقال پر غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ دہلی کانگریس صدر انل چودھری نے بھی خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد میڈیا سے کہا کہ پورا ملک سی ڈی ایس راوت اور دیگر فوجی جوانوں کے انتقال سے صدمے میں ہے۔ ملک کے لیے یہ ایک بڑا خسارہ ہے۔ ہم سبھی ان کے اہل خانہ کے تئیں اظہارِ ہمدردی ظاہر کرتے ہیں۔
انل چودھری نے مزید کہا کہ انھوں نے اپنی پوری زندگی ملک کو دے دی ہے، ایسے میں میرا مرکزی حکومت سے مطالبہ ہے کہ انھیں ’بھارت رتن‘ سے نوازا جائے۔ اس کے علاوہ انھوں نے اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی جانچ کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حادثہ کے بعد بہت سارے سوال کھڑے ہوئے ہیں، اس پر ایک اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہیے۔
واضھ رہے کہ دہلی کینٹ میں جنرل بپن راوت اور ان کی بیوی کی آخری رسومات ادا ہو گئی۔ انھیں فوجی جوانوں نے 17 توپوں کی سلامی بھی پیش کی۔ اس سے قبل ان کے جسد خاکی کا ملک بھر سے آئے تمام لوگوں نے دیدار کیا اور آخری سلام پیش کیا۔ جنرل راوت، ان کی بیوی اور دیگر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، ہریانہ و اتر پردیش کے وزرائے اعلیٰ سمیت کئی اہم ہستیاں پہنچی تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔