سی بی ایس ای ریزلٹ: دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں کی بھی بہترین کارکردگی

رابعہ گرلز پبلک اسکول کی طالبات نے اس مرتبہ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، دسویں اور بارہویں دونوں جماعت کے بہترین نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>کامیاب طالبات خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، تصویر ویپن/قومی آواز</p></div>

کامیاب طالبات خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، تصویر ویپن/قومی آواز

user

محمد تسلیم

نئی دہلی: سی بی ایس ای کی جانب سے پیر کے روز 10ویں اور 12ویں درجات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ جن طلباء نے اس سال بورڈ کا امتحان دیا وہ سی بی ایس ای کی ویب سائٹ cbse.gov.in اور cbseresults.nic.in پر جا کر اپنا ریزلٹ چیک کر سکتے ہیں۔ دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں کے طلبا و طالبات نے بھی اس مرتبہ شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پرانی دہلی کے مشہور اسکول ’رابعہ گرلز پبلک اسکول‘ کا ریزلٹ گزشتہ سالوں کی طرح اس سال بھی قابلِ ستائش رہا۔ دسویں اور بارہویں کلاس میں سبھی طالبات نے بہت اچھے نمبرات حاصل کیے ہیں۔ بارہویں درجہ میں افلحہ ناز نے 96.4 فیصد نمبر کے ساتھ اسکول میں اوّل حیثیت حاصل کی۔ منیرہ سلفی نے  96.2 فیصد، ولیہ آفاق نے 96 فیصد نمبر حاصل کر دوم و سوم مقام حاصل کیا ہے۔

سی بی ایس ای ریزلٹ: دہلی کے اردو میڈیم اسکولوں کی بھی بہترین کارکردگی

اسٹریم وائز ٹاپرس میں کامرس اسٹریم سے افلحہ ناز 96.4 فیصد، ہیومینیٹیز اسٹریم سے منیرہ سلفی  96.2 فیصد اور سائنس اسٹریم سے السہ نور  94 فیصد نمبر حاصل کر کے اسٹریم ٹاپر رہیں۔ دسویں جماعت میں  طوبیٰ ریّان نے 97.8 فیصد، آمنہ خان نے 97.6 فیصد اور سارہ شہاب نے 97.2 فیصد نمبر حاصل کر کے اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی۔ بارہویں جماعت میں 17 طالبات نے اور دسویں جماعت میں 32 طالبات نے 90 فیصد اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کیے۔ 75 فیصد اور اس سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والی طالبات کی تعداد بارہویں جماعت میں 96 اور دسویں جماعت میں 93 رہی۔

بارہویں جماعت کی ولیہ آفاق نے ہوم سائنس اور آئی پی میں صد فیصد نمبر حاصل کیے۔ دسویں جماعت میں ہانیہ حسن نے سوشل سائنس، حفصہ ریحان،  ثنا حسن، اسماء امان اور انشا نے اردو میں اور سارہ شہاب، تحریمہ ارشد، طوبیٰ ریّان اور وریشہ خاں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں صد فیصد نمبر حاصل کیے۔ اسکول کے بہترین ریزلٹ کے لیے اسکول کی پرنسپل کلثوم زہرہ نے سبھی طالبات اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔


اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول کے لیے سی بی ایس ای کے بارہویں جماعت کے بورڈ نتائج کا اعلان خوشگواری کا پیغام لے کر آیا ہے۔ منیجر پروفیسر محمد اسد ملک، پرنسپل محمد وسیم احمد، دہلی ایجوکیشن سوسائٹی کے عہدیداران و ممبران اور اساتذہ و اسٹاف ممبران نے طالب علموں کی بہترین کامیابی پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے اورانہیں دلی مبارکباد دی ہے۔

واضح رہے کہ اس مرتبہ سائنس، کامرس اور آرٹس کے تینوں زمروں میں کل 230 طلباء و طالبات بورڈ کے امتحانات میں شریک ہوئے تھے، جن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 87.82 فیصد نے کامیابی درج کرائی ہے۔ کامرس اسٹریم کے طالب علم محمد کیف اقبال نے 89 فیصد نمبرات کے ساتھ اسکول میں اول پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہیں انگریزی میں 94، اکونومکس میں 90، ریاضی میں 75، بزنس اسٹڈیز میں 92 اور اکاؤنٹنسی میں 95 کے ساتھ کل 446 نمبرات حاصل ہوئے ہیں۔ 88.80 فیصد مارکس کے ساتھ دوئم پوزیشن پر کامرس اسٹریم کے ہی محمد انس رحمٰن نے اپنا قبضہ جمایا ہے۔ انہیں انگریزی میں 91، اکونومکس میں 94، انفارمیٹک پریکٹس میں 95، بزنس اسٹڈیز میں 80 اور اکاؤنٹنسی میں 84 نمبرات کے ساتھ کل 444 نمبرات حاصل ہوئے ہیں۔ تیسرامقام آرٹس اسٹریم کے حافظ محمد معاذ فاروقی کو ملا ہے اور انہیں 88.60 فیصد نمبرات حاصل ہوئے ہیں۔ انہیں انگریزی میں 87، اکونومکس میں 78، اردو میں 92، پولٹیکل سائنس میں 91 اور سوشیالوجی میں 95 کے ساتھ کل 443 نمبرات ملے ہیں۔


شمال مشرقی دہلی میں واقع ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سینئر سیکنڈری اسکول، جعفر آباد کا بارہویں جماعت کا نتیجہ 85 فیصد رہا۔ سال 24-2023 میں کل 172 طلبا نے شرکت کی اور 146 نے کامیابی حاصل کی۔ کامرس کے محمد ارحم نے 91 فیصد نمبر حاصل کر کے اسکول میں اوّل مقام حاصل کیا۔ اسی طرح محمد ایشان انصاری نے 86 فیصد نمبر حاصل کر کے دوسرا مقام پایا۔ محمد ایشان نے علم معاشیات میں 99 نمبر حاصل کیے ہیں۔ تیسرا مقام 85 فیصد نمبروں کے ساتھ حفظہ شاداب نے حاصل کیا۔ ہندی مضمون کا نتیجہ صد فیصد رہا۔ تمام طلبا نے مجموعی طور پر کل 103 ڈسٹنکشن حاصل کیں۔

دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان بھی آج ہی کے دن ہوا۔ ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول سے کل 179 طلبا نے شرکت کی اور 139 نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح دسویں جماعت کا نتیجہ 78 فیصد رہا۔ گزشتہ برس کے مقابلے یہ  11 فیصد بہتر رہا۔ اول مقام 86 فیصد نمبروں کے ساتھ عبد الرحمان نے، دوسرا مقام 83 فیصد نمبروں کے ساتھ نوشین نے اور تیسرا مقام 82 فیصد نمبروں کے ساتھ محمد ارمان نے حاصل کیا۔ عیان ابو ذر نے اردو زبان میں پورے 100 نمبر حاصل کیے ہیں۔ کل 13 طلبا نے اردو زبان میں 95 فیصد سے زیادہ نمبر حاصل کیے ہیں۔ اکیلے اسی مضمون میں طلبا نے کل 101 ڈسٹنکشن حاصل کی ہیں۔


نتائج کے اعلان سے اسکول میں خوشی کی لہر دوڈ گئی۔ اسکول کے پرنسپل ریاض الحسن خان نے تمام طلبا اور اساتذہ کو مبارک باد دی۔ خصوصاً اردو زبان کے اساتذہ کو ستائشی کلمات سے نوازا۔ وائس پرنسپل محمد فہیم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سالوں میں مزید محنت کرنے اور نتائج کو بہتر بنانے کے لیے عزائم کیے۔ مینیجر زین العابدین نے کہا کہ اردو زبان کا بہترین نتیجہ بتا رہا ہے کہ ہمارا اسکول دہلی کا ایک نمائندہ اردو میڈیم اسکول ہے۔ موقع کی مناسبت سے عملے میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر اسکول کے اکثر اساتذہ موجود تھے۔ سی بی ایس ای ٹیم سے محمد فہیم، شارب عظیم کے ساتھ فرحان بیگ اور آئی ٹی محمد نفیس نے نتائج کے اعداد و شمار جمع کرنے کا کام کیا۔

سروودیہ بال ودیالیہ جعفرآباد کا ریزلٹ اس مرتبہ گزشتہ سال کے مقابلے کافی بہتر رہا۔ 254 بچوں نے بارہویں جماعت کا امتحان دیا تھا۔ اسکول کے پرنسپل محمد تسلیم احمد کے پرنسپل بننے کے بعد سے جعفرآباد سروودیہ بال ودیالیہ کے ریزلٹ میں بہتری آئی ہے۔ اسکول کا نتیجہ 86 فیصد رہا ہے، جو پچھلے سال 84.7 فیصد سے بہتر ہے۔ بارہویں کلاس میں محمد انس نے 88.4 فیصد نمبرات لا کر فرسٹ پوزیشن حاصل کی۔ محمد حذیفہ نے 88.2 فیصد لاکر دوسری پوزیشن، جبکہ محمد امان نے 87.8 فیصد نمبرات لا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔


سروودیہ بال ودیالیہ کے دسویں جماعت کا ریزلٹ اس مرتبہ کافی شاندار رہا۔ بچوں کی بہترین کارکردگی پر پرنسپل محمد تسلیم احمد نے ستائش کرتے ہوئے کہا کہ دسویں کلاس کے بچوں کی محنت رنگ لائی ہے۔ دسویں جماعت میں کل 477 بچوں نے امتحان دیا تھا۔ اس سال اسکول کا دسویں کا ریزلٹ 91.80 فیصد رہا، جو پچھلے سال 75.44 فیصد کے مقابلے حد درجہ بہتر ہے۔ دسویں کلاس میں آصف انصاری نے 84.4 فیصد نمبر لا کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ زید چودھری نے 82.4 فیصد نمبر لاکر دوسری پوزیشن اور ریان 81.4 فیصد نمبر لا کر تیسری پوزیشن پر رہے۔ ریزلٹ کے تعلق سے پرنسپل محمد تسلیم احمد نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو اچھی تعلیم دلانے اور ان کو قابل بنانے پر اسکول کے اساتذہ کی محنت جاری رہے گی اور آئندہ سالوں میں اسکول کے ریزلٹ میں مزید بہتری آئے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔