سی بی ایس ای 12ویں ریزلٹ: ٹاپ-3 میں 6 لڑکیوں اور 3 لڑکوں نے بنائی جگہ
میگھنا شریواستو نے 500 میں 499 نمبر لا کر ٹاپ کیا ہے جب کہ 498 نمبر حاصل کرنے والی انشکا چندرا کو دوسرا مقام حاصل ہوا۔
سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی آیس ای) نے بارہویں کا جو نتیجہ آج جاری کیا ہے اس میں لڑکیوں کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ-3 میں کل 9 اسٹوڈنٹس ہیں جن میں سے 6 لڑکیاں ہیں۔ علاقہ وار نتائج کو دیکھا جائے تو تریویندرم کا نتیجہ سب سے اچھا رہا جہاں کے 97.32 فیصد بچے کامیاب ہوئے جب کہ دوسرے مقام پر چنئی رہا جہاں کے 93.87 فیصد طلبا پاس ہوئے۔ دہلی کو 89 فیصد طلبا کی کامیبی کے ساتھ تیسرا مقام حاصل ہوا۔
500 نمبرات کے امتحان میں ٹاپ کرنے والی میگھنا شریواستو نے 499 نمبر حاصل کر کامیابی کا پرچم لہرایا ہے۔ دوسرے مقام پر رہنے والی انشکا چندرا کو 498 نمبر حاصل ہوئے ہیں۔ تیسرے مقام پر مشترکہ طور پر 7 اسٹوڈنٹس نے جگہ بنائی ہے۔ ان اسٹوڈنٹس کے نام ہیں آستھا بامبا، چاہت بھاردواج، تنوجا کاپری، سپریا کوشک، نکل گپتا، چھتج آنند اور اننیا سنگھ۔ ان سبھی بچوں کو 497 نمبر ملے ہیں۔ ٹاپر کی لسٹ میں اس بار نوئیڈا اور غازی آباد کا دبدبہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ ٹاپ تھری میں جو 9 طلبا ہیں ان میں سے 5 کا تعلق نوئیڈا اور غازی آباد سے ہے۔
اس مرتبہ 2836 معذور طلبا نے بھی بارہویں کا امتحان دیا جس میں 2482 طلبا پاس ہوئے۔ جہاں تک لڑکیوں کی کامیابی کا سوال ہے تو 88.31 فیصد کے ساتھ ایک بار پھر انھوں نے بازی مار لی ہے۔ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 78.99 ہے۔ 2017 میں پاس بچوں کا کل فیصد 92.02 تھا جو اس مرتبہ بڑھ کر 94.94 فیصد رہا۔ کامیاب طلبا میں جواہر نوودے وِدیالیہ اور کیندریہ ودیالوں کا فیصد کافی اچھا رہا ہے۔ نوودے ودیالیہ کے 97.07 فیصد اور کیندریہ ودیالیوں میں 97.78 فیصد طلبا پاس ہوئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔