اروند کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سی بی آئی کی مخالفت، سپریم کورٹ میں آج ہوگی اہم سماعت
شراب پالیسی معاملہ کے ملزم دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوگی۔ اپنے جوابی حلف نامہ میں سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کی ہے
نئی دہلی: سی بی آئی نے شراپ پالیسی کے مبینہ گھوٹالے کے اہم ملزم کے طور پر مقدمے کا سامنا کر رہے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی درخواست ضمانت پر سپریم کورٹ میں جوابی حلف نامہ داخل کیا ہے۔ تفتیشی ایجنسی نے درخواست ضمانت میں دیے گئے دلائل کی مخالفت کی ہے۔ آج سپریم کورٹ میں اس معاملے کی پھر سے سماعت ہوگی۔
سی بی آئی نے کہا ہے، ’’کیجریوال اس گھوٹالے کے سرغنہ ہیں۔ محکمہ ایکسائز کے وزیر ہونے کے ناطہ وہ پورے گھوٹالے کے معمار ہیں۔ وہ اس گھوٹالے کے بارے میں سب کچھ جانتے تھے کیونکہ تمام فیصلے ان کی رضامندی اور ہدایت سے کیے گئے تھے۔ لیکن وہ تفتیشی ایجنسی کے سوالات کے تسلی بخش جواب نہیں دے رہے ہیں۔ وہ تفتیشی ایجنسی کو گمراہ کرنا چاہتا ہے۔ اس لیے تحقیقات کے اس اہم موڑ پر کیجریوال کو ضمانت پر رہا کرنا کسی بھی نقطہ نظر سے منصفانہ نہیں ہوگا۔‘‘
سپریم کورٹ میں جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس اجل بھویاں کی بنچ آج کیجریوال کی ضمانت کی درخواست پر پھر سے سماعت کرے گی۔ 14 اگست کو ہوئی پچھلی سماعت کے دوران بنچ نے سی بی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا اور کیجریوال کی درخواست پر اس سے جواب طلب کیا تھا۔
خیال رہے کہ کیجریوال کو ای ڈی نے پانچ ماہ قبل 21 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران سپریم کورٹ نے ان کی عبوری ضمانت پر رہائی کا حکم دیا تھا تاکہ وہ 20 مئی سے یکم جون تک انتخابی مہم چلا سکیں۔ 2 جون کو انہیں تہاڑ واپس جانا تھا۔
سپریم کورٹ نے سابقہ سماعت کے دوران کیجریوال کو ضمانت دینے سے انکار کرتے ہوئے تحقیقاتی ایجنسی سی بی آئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 اگست تک جواب طلب کیا تھا۔ اسی دن 14 اگست کو سی بی آئی معاملے میں کیجریوال کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی ایک اور عرضی پر سماعت ہوئی تھی۔
دہلی ہائی کورٹ نے 5 اگست کو اروند کیجریوال کی سی بی آئی کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی کو مسترد کر دیا تھا۔ اس حکم کو خود سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے اور کیجریوال کے خلاف شراب پالیسی معاملہ اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں مقدمات چل رہے ہیں۔
ای ڈی معاملے میں سپریم کورٹ پہلے ہی انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے چکی ہے۔ وہ اب سی بی آئی کیس میں جیل میں ہیں۔ سی بی آئی نے 26 جون کو کیجریوال کو شراب پالیسی کیس میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ وہ اس وقت تہاڑ جیل میں بند ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔