مہنت نریندر گری کی موت معاملے میں ملزم آنند گری کا ہوگا پالیگراف ٹیسٹ
اکھاڑا پریشد کے آنجہانی سربراہ مہنت نریندر گری کیس کے اہم ملزم سوامی آنند گری کا سی بی آئی لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کرانے کی تیاری کر رہی ہے، اس سلسلے میں جلد ہی عدالت میں عرضی داخل کی جا سکتی ہے۔
اکھاڑا پریشد کے آنجہانی سربراہ مہنت نریندر گری مبینہ خودکشی کیس کے اہم ملزم سوامی آنند گری کا سی بی آئی لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ خبروں کے مطابق پالیگراف یعنی لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کرانے کو لے کر سی بی آئی جلد ہی عدالت میں عرضی داخل کر سکتی ہے۔
سی بی آئی پالیگراف یعنی لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کے ذریعہ آنند گری سے سچ اگلوانا چاہتی ہے۔ اِدھر، آنند گری لگاتار خود کو بے گناہ بتاتے ہوئے اس کیس سے کوئی واسطہ نہ ہونے کی بات کہہ رہے ہیں۔ قابل غور ہے کہ سی بی آئی لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کے لیے آنند گری کی کسٹڈی ریمانڈ بھی بڑھوائے گی۔ سی بی آئی پریاگ راج کی سی جے ایم کورٹ میں عرضی داخل کر آنند گری کا کسٹڈی ریمانڈ ایک ہفتہ کے لیے بڑھائے جانے کی اپیل کر سکتی ہے۔
سی بی آئی آنند گری کے لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کی رپورٹ کی بنیاد پر ہی آدیا اور سندیپ کے ٹیسٹ کے بارے میں غور کرے گی۔ آنند گری کے وکیلوں کا دعویٰ ہے کہ اگر سی بی آئی لائی ڈٹیکٹر ٹیسٹ کے لیے عدالت میں عرضی داخل کرے گی تو اس کی پرزور مخالفت کی جائے گی۔ مہنت نریندر گری کی مشتبہ موت کا معمہ حل ہونے کی جگہ لگاتار الجھتا ہی جا رہا ہے۔ سی بی آئی ایک ہفتے کی جانچ کے باوجود کسی نتیجہ پر نہیں پہنچ سکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔