دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی رہائش پر سی بی آئی کا چھاپہ

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کی ٹیم نے چھاپہ مارا ہے، سسودیا نے اس پر ٹوئٹ کیا ’بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جو بہتر کام کرتا ہے اسے اسی طرح پریشان کیا جاتا ہے‘

منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
منیش سسودیا، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی رہائش گاہ پر سی بی آئی نے چھاپہ مارا ہے۔ اس کی اطلاع خود منیش سسودیا نے ٹوئٹ کر کے دی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سی بی آئی کی یہ کارروائی دہلی حکومت کی ایکسائز پالیسی کے حوالہ سے کی جا رہی ہے۔ دراصل، حال ہی میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ونے سکسینہ نے ایکسائز پالیسی کے معاملہ میں سی بی آئی انکوائری کی سفارش کی تھی۔ ایل جی وی کے سکسینہ نے یہ قدم چیف سکریٹری کی اس رپورٹ کے بعد اٹھایا، جس میں منیش سسودیا کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ دہلی کا محکمہ ایکسائز منیش سسودیا کے ماتحت ہے۔

سی بی آئی کے چھاپہ پر منیش سسودیا نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہتر کام کر رہے ہیں اس لئے انہیں پریشان کیا جا رہا ہے۔ نیز ملک میں بہتر تعلیم کے لئے ان کے کام کو روکا نہیں جا سکے گا۔

منیش سسودیا نے ٹوئٹ میں لکھا ’’سی بی آئی آئی ہے۔ ان کا استقبال ہے۔ ہم کٹر ایماندار ہیں۔ لاکھوں بچوں کا مستقبل بنا رہے ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جو بہتر کام کرتا ہے اسے اسی طرح پریشان کیا جاتا ہے۔۔ اسی لئے ہمارا ملک ابھی تک نمبر ایک نہیں بن پایا۔‘‘


اپنے دوسرے ٹوئٹ میں مینش سسودیا نے کہا ’’ہم سی بی آئی کا استقبال کرتے ہیں۔ تفتیش میں پورا تعاون کریں گے تاکہ سچائی جلد سامنے آ سکے۔ ابھی تک مجھ پر کئی معاملے درج کئے گئے لیکن کچھ نہیں نکلا۔ اس میں بھی کچھ نہیں نکلے گا۔ ملک میں بہتر تعلیم کے لئے میرا کام روکا نہیں جا سکتا۔‘‘

انہوں نے مزید کہا ’’یہ لوگ دہلی کی تعلیم اور صحت کے شاندار کام سے پریشان ہیں۔ اسی لئے دہلی کے وزیر صحت اور وزیر تعلیم کو پکڑا ہے تاکہ تعلیم اور صحت کے بہتر کام روکے جا سکیں۔ ہم دونوں کے اوپر جھوٹے الزامات ہیں۔ عدالت میں سچ سامنے آ جائے گا۔‘‘

دہلی کے وزیر اروند کیجریوال نے بھی سی بی آئی کی چھاپہ ماری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے الزمات عائد کئے ہیں۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا ’’جس دن امریکہ کے سب سے بڑے اخبار نیویارک ٹائمز کے صفحہ اول پر دہلی کے تعلیمی ماڈل کی تعریف اور منیش سسودیا کی تصویر شائع ہوئی، اسی دن منیش کے گھر مرکز نے سی بی آئی بھیجی۔ سی بی آئی کا استقبال ہے، پورا تعاون کریں گے۔ پہلے بھی کئی مرتبہ جانچ اور ریڈ ہوئی ہے۔ کچھ نہیں نکلا۔ اب بھی کچھ نہیں کلے گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔