نریندر مودی کے وزیر کو دی گئی تھی رشوت، سی بی آئی افسر کا الزام

سی بی آئی کے ڈی ٓائی جی منیش کمار سنہا نے سپریم کورٹ میں ایک عرضی داخل کی ہے جس میں مودی کے ایک وزیر اور این ایس اے سربراہ اجیت ڈووال پر سنگین الزام لگائے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سینٹرل بیورو آف انویسٹیگیشن (سی بی آئی ) کے ایک سینئر افسر نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے جس میں مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ ہری بھائی پارتھی بھائی چودھری پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے جون 2018 کے پہلے پندرہ روز میں کئی کروڑ روپے وصول کئے تھے جو جبراً وصولی ریکٹ کا حصہ تھا جو معین قریشی کی جانچ کر رہے کچھ افسران چلا رہے تھے ۔

سی بی آئی کے ڈی آئی جی منیش کمار سنہا نے سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کے چل رہے کیس میں مداخلت کی عرضی داخل کی ہے ۔ ایکٹنگ سی بی آئی ڈائریکٹر نے 24 اکتوبر کو سنہا کا ٹرانسفر کر دیا تھا ، انہوں نے کہا کہ ان کا ٹرانسفر غلط نیت سے کیا گیا تھا جس کا مقصد ہراساں کرنا تھا ۔

اس الزام کے علاوہ مرکزی وزیر مملکت برائے کوئلہ اس جبراً وصولی کے گھوٹالہ میں شامل تھے انہوں نے اپنی عرضی میں تحریر کیا ہے کہ قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈووال کے معین قریشی معاملہ میں دبئی کے رہنے والے دو بچولئے منوج پرساد اور سومیش پرساد سے قریبی تعلقات تھے ۔ سنہا کی عرضی میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ اجیت ڈووال نے سی بی آئی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر راکیش استھانہ اور ڈی ایس پی دیوندر کمار کی جانچ کے معاملہ میں بھی حساس موقعوں پر مداخلت کی ۔ اس مداخلت کے ذریعہ یہ یقینی بنایا گیا کہ ان افسران کے موبائل فون نہ لئے جائیں کیونکہ ان میں بات چیت کے پیغام موجود تھے۔ سنہا کی عرضی کے مطابق وزیر موصوف جو بی جے پی کے گجرات سے رکن پارلیمنٹ ہیں جنہیں احمد آباد کےویپول نامی شخص نے رشوت دی تھی۔

سنہا کی اس عرضی سے سی بی آئی کی پہلے سے گرتی ساکھ کو مزید دھچکا لگا ہے ۔ این ایس اے اجیت ڈووال کا نام آنے سے بڑے سوال کھڑے ہو گئے ہیں ، اب اس سارے معاملہ کی آنچ این ایس اے تک بھی جا سکتی ہے ۔ سنہا کا یہ بڑا الزام ہے جس کا قومی سیاست پر بڑا اثر پڑنے والا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Nov 2018, 7:09 PM