کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار سے سی بی آئی کے دفتر میں پوچھ گچھ
کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار ہفتہ کے روز میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ میں سی بی آئی کے سامنے پیش ہوئے، جانچ ایجنسی ان سے کل اتوار کے روز بھی شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ میں پوچھ گچھ جاری رکھے گی۔
شیلانگ: کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار سے میگھالیہ کی راجدھانی شیلانگ میں شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ معاملے میں سی بی آئی نے ہفتہ کی صبح پوچھ تاچھ کی۔ راجیو کمار سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد سی بی آئی کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔
سی بی آئی کے سامنے پیش ہونے کیلئے جمعہ کو ہی راجیو کمار شیلانگ پہنچ گئے تھے۔ ہفتہ کی صبح وہ شیلانگ میں واقع سی بی آئی کے دفتر میں پہنچے، جہاں سی بی آئی کے افسران نے دن بھر ان سے پوچھ تاچھ کی۔ راجیو کمار پر ثبوتوں کو مٹانے اور نقصان پہنچانے کی کوشش کا الزام ہے۔
ذرائع کے مطابق راجیو کمار نے سی بی آئی سے کہا ہے کہ وہ زیادہ دنوں تک شیلانگ میں نہیں رک سکتے ہیں کیونکہ سرسوتی پوجا اور بورڈ امتحانات کی وجہ سے ان کا کولکاتا میں رہنا ضروری ہے۔ سرسوتی پوجا کل ہے، جبکہ بورڈ امتحانات 12فروری سے شروع ہونے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسی ہفتہ سپریم کورٹ نے سی بی آئی کی عرضی پر راجیو کمار کو ہدایت دی تھی کہ وہ جانچ ایجنسی کے ساتھ تعاون کریں اور سی بی آئی کے سمن پر پیش ہوں تاہم عدالت نے راجیو کماری کی گرفتار ی پر روک لگادی ہے۔
دوسری جانب کولکاتا پولس نے بھی سی بی آئی کے سابق کارگزار ڈائریکٹر ناگیشور راؤ کے ایک پرائیوٹ کمپنی کے ساتھ لین دین کی جانچ شروع کردی ہے۔ تاہم کولکاتا پولس کی اس کارروائی کو انتقامی تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔
ناگیشور راؤ کی بیوی کی کمپنی کے خلاف بہو بازار پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔ پولس کے مطابق کمپنی کے مرکزی کولکاتا اور سالٹ لیک سٹی میں واقع دو دفاتر پر پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ کولکاتا پولس کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق یہ کمپنی رجسٹرڈ نہیں ہے، پولس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ اے ایم پی ایل کمپنی راؤ کی اہلیہ مینن سندھیا کی کمپنی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔