سی بی آئی تنازعہ: آلوک ورما نے سی وی سی رپورٹ پر اپنا جواب عدالت میں داخل کیا
سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما نے اپنے اوپر لگے الزامات پر سی وی سی کے ذریعہ داخل رپورٹ پر پیر کے روز ایک سیل بند لفافے میں سپریم کورٹ میں اپنا جواب داخل کر دیا۔ کل اس معاملے میں سماعت ہونی ہے۔
اپنے اوپر لگے بدعنوانی کے الزامات سے متعلق سی وی سی کے ذریعہ داخل کی گئی ابتدائی جانچ رپورٹ پر سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما نے پیر کو سیل بند لفافے میں اپنا جواب سپریم کورٹ میں داخل کر دیا۔ عدالت عظمیٰ اس معاملے میں منگل کو سماعت کرے گا۔ اس سے پہلے پیر کی صبح آلوک ورما نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لیے مزید وقت دینے کا مطالبہ کیا تھا جسے عدالت نے ٹھکراتے ہوئے آج ہی جواب داخل کرنے کا سخت حکم دیا تھا۔
دراصل سپریم کورٹ کھلنے کے بعد چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی بنچ کو آلوک ورما کے وکیل گوپال شنکر نارائنن نے مطلع کیا کہ سی بی آئی ڈائریکٹر اب تک اپنا جواب داخل نہیں کر سکے ہیں اور اس کے لیے مزید وقت درکار ہے۔ اس پر عدالت نے منگل کو مقرر کردہ سماعت ملتوی کرنے سے انکا رکرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم تاریخ آگے نہیں بڑھائیں گے۔ ہمیں جواب پڑھنا بھی ہے، اس میں وقت لگے گا۔ اس لیے آپ جلد سے جلد اپنا جواب داخل کریں۔‘‘ اس پر ورما کے وکیل نے کہا کہ آج ہی جواب داخل کر دیا جائے گا۔ بعد ازاں دوپہر کو آلوک ورما کی طرف سے سیل بند لفافے میں جواب داخل کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے سی بی آئی ڈائریکٹر کے خلاف بدعنوانی کے الزامات پر 16 نومبر کو سی وی سی کے ذریعہ داخل کی گئی ابتدائی جانچ رپورٹ پر آلوک ورما کو پیر تک اپنا جواب داخل کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت عظمیٰ نے سی بی آئی سربراہ آلوک ورما کے سبھی اختیارات واپس لینے اور انھیں جبراً چھٹی پر بھیجنے کے حکومت کے فیصلے کو چیلنج دینے والی ان کی عرضی پر سماعت کے دوران یہ حکم دیا تھا۔ اس سے پہلے عدالت نے کہا تھا کہ سی وی سی نے اپنی جانچ رپورٹ میں ’بہت ہی پیچیدہ‘ تبصرے کیے ہیں اور وہ کچھ الزامات کی آگے جانچ کرنا چاہتا ہے، جس کے لیے اسے اور وقت چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔