جھارکھنڈ: مال بردار جہاز کا توازن بگڑنے سے گنگا میں ڈوبے 7 ٹرک، ایک ڈرائیور لاپتہ
جھارکھنڈ کے صاحب گنج میں جمعہ کو گنگا ندی میں ایک مال بردار جہاز کا توازن بگڑ جانے کی وجہ سے اس پر لدے 7 ٹرک پانی میں ڈوب گئے
رانچی: جھارکھنڈ کے صاحب گنج میں جمعہ کو گنگا ندی میں ایک مال بردار جہاز کا توازن بگڑ جانے کی وجہ سے اس پر لدے 7 ٹرک پانی میں ڈوب گئے۔ ان میں سے ایک ٹرک کا ڈرائیور محمد شرف الدین لاپتہ ہے۔ غوطہ خوروں کی مدد سے اسے گنگا میں تلاش کیا جا رہا ہے۔ بتایا گیا کہ صاحب گنج گرم گھاٹ سے منی ہاری جانے والے اس جہاز پر 10 ٹرک لدے ہوئے تھے۔ یہ جہاز دلیپ بِلڈکون کمپنی سے وابستہ ہے۔
کمپنی کے مینیجر بھانو پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ صاحب گنج میں مال بردار جہاز میں ٹرکوں کو لادا جا رہا تھا۔ اس دوران ٹرک کا ٹائر پھٹنے سے جہاز کا توازن بگڑ گیا۔ ایک ٹرک دریائے گنگا میں مکمل طور پر ڈوب گیا اور اس پر سوار ڈرائیور کا پتہ نہیں چل سکا۔ اس کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ڈرائیور محمد شرف الدین کی عمر 34 سال ہے اور وہ دھنباد کا رہنے والا ہے۔ چھ دیگر ٹرک بھی گنگا میں الٹ گئے، جنہیں باہر نکالا جا رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان ٹرکوں پر اسٹون چپس اور سیمنٹ لدا ہوا تھا۔
اس قسم کا واقعہ ماضی میں بھی پیش آ چکا ہے۔ گزشتہ مارچ میں دریائے گنگا میں کارگو جہاز کا توازن بگڑ جانے کی وجہ سے ایک درجن سے زیادہ ٹرک دریائے گنگا میں ڈوب گئے تھے۔ اس وقت دریائے گنگا کے ذریعے غیر قانونی کان کنی سے نکالے گئے اسٹون چپس اور پتھروں کی اسمگلنگ کا معاملہ بھی سامنے آیا تھا۔ اس معاملے میں ابھی تفتیش جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔