ہوائی حادثہ: کیپٹن دیپک ساٹھے ائیر فورس کے ٹیسٹ پائلٹ رہ چکے تھے
کوزیکوڈ کے ہوائی حادثہ میں پائلٹ اور کو پائلٹ کی موت ہو گئی ۔ یہ پرواز وندے بھارت مشن کی تھی جو دبئی سے کالیکٹ جا رہی تھی۔
کیرالہ کے کوزیکوڈ ہوائی اڈے پر ہوئے ہوائی حادثہ میں مرنے والوں کی تعداد میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے اور ایک چینل کے مطابق اب یہ تعداد 18 ہو گئی ہے۔ اس ہوائی حادثہ میں پائلٹ اور کو پائلٹ دونوں کا انتقال ہو گیا ہے ۔ حادثہ میں موت کا شکار ہونے والے جہا ز کے کپتان دیپک وسنت ساٹھے ایئر فورس کے ٹیسٹ پائلٹ رہ چکے تھے۔ واضح رہے ایئر فورس کے ٹیسٹ پائلٹ ائیر فورس کے بہت سارے ہوائی جہازوں پر ٹیسٹ کرتے ہیں۔ واضح رہے پائلٹ ساٹھے نے اپنی جان گنواتے ہوئے مسافروں کی جان بچانے کی ہر ممکن کو شش کی۔ یہ پرواز وندے بھارت مشن کے تحت ہندوستانیوں کو اپنے ملک واپس لا رہی تھی۔
اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سینٹر فار ایئر پاور اسٹدیز کے ڈاریکٹر ایئر وائس مارشل منموہن بہادر نے ٹوئٹ کے ذریعہ بتایا کہ دیپک ساٹھے ان کے ساتھ ٹیسٹ پائلٹ تھے، وہ بہت تجربہ کار پائلٹ تھے اور ان کے نام کے آگے ’ٹیسٹر‘ لگا ہوا تھا۔ واضح رہے کپتان دیپک ساٹھے کو ایئر فورس اکادمی نے ’سوورڈ آف ہانر‘ سے نوازا تھا ۔ انہوں نے فائٹر پائلٹ کے طور پر اپنا کام مکمل کیا تھا اور انہیں اے آئی ایکسپریس کے لئے منتخب کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والے جہاز نے اس لینڈنگ سے پہلے بھی ایک لینڈنگ کی کوشش کی تھی اور کیونکہ پہلی لینڈنگ نہیں ہو پائی تھی اس لئے یہ دوسری لینڈنگ کی تھی۔ دوسری لینڈنگ کرتے وقت تیز بارش کی وجہ سے جہاز رنوے پر سے پھسل گیا۔
ایک ویب سائٹ کے مطابق مرکزی وزیر برائے شہری ہوا بازی ہردیپ پوری نے کہا ہے کہ رن وے پر روشنی کم تھی اور پانی بھرا ہوا تھا۔ جہاز پھسلنے کے بعد 35 فٹ گہری کھائی میں گر گیا اور جہاز کے دو ٹکڑے ہو گئے۔ اس سارے معاملہ کی جانچ شروع ہو گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 08 Aug 2020, 8:11 AM