کیپٹن امریندر اپنی پارٹی کو بی جے پی میں ضم کرنے کے لئے تیار، 19 ستمبر کو ہوں گے بھگوا جماعت میں شامل
پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ بی جے پی کے صدر دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران جے پی نڈا کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے، کیپٹن کے بیٹا اور بیٹی بھی بی جے پی میں شامل ہوں گے
چنڈی گڑھ: پنجاب کے سابق وزیر اعلی اور ’پنجاب لوک کانگریس‘ کے سربراہ کیپٹن امریندر سنگھ 19 ستمبر کو بھگوا جماعت میں شمولیت اختیار کرنے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریندر سنگھ اپنے بیٹے رن اندر سنگھ، بیٹی جے اندر کور اور پوتے نروان سنگھ کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ اسی کے ساتھ ان کی پارٹی باضابطہ طور پر بی جے پی میں ضم ہو جائے گی۔
معلومات کے مطابق، پنجاب کے سابق وزیر اعلی کیپٹن امریندر سنگھ دہلی میں بی جے پی کے صدر دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بی جے پی صدر جے پی نڈا کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔ رپورٹ کے مطابق کیپٹن امریندر کے ساتھ پنجاب کے تقریباً 6 سے 7 سابق ایم ایل اے بھی بی جے پی میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ کیپٹن امریندر سنگھ کے تمام قریبی اور پرانے ساتھیوں کو ان کی بیٹی جے اندر کور نے کہا ہے جو اس وقت کیپٹن امریندر کا سارا سیاسی کام سنبھال رہی ہیں، 19 ستمبر کو دہلی پہنچیں!
خیال رہے کہ کیپٹن امریندر سنگھ نے پنجاب کے اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس قیادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور پارٹی سے علیحدہ ہو گئے تھے۔ کانگریس چھوڑنے کے کئی دن بعد انہوں نے اپنی پارٹی کا اعلان کیا اور بعد میں بی جے پی کی حمایت کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات بھی کی تھی۔
کانگریس چھوڑنے والے کیپٹن امریندر سنگھ نے بی جے پی کی حمایت سے اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کیا اور متعدد سیٹوں پر امیدوار کھڑے کئے لیکن ان کی بری طرح ہار ہوئی۔ یہاں تک کہ امریندر سنگھ کو خود بھی پٹیالہ سیٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں عام آدمی پارٹی کے اجیت پال سنگھ کوہلی نے بڑے فرق سے شکست دی۔ کپتان کو 28007 ووٹ ملے، جبکہ کوہلی کو 47704 ووٹ حاصل ہوئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔