’دشمنی کرنے کی چھوٹ نہیں دے سکتے‘، ترنمول کانگریس کے خلاف اشتہار معاملے میں بی جے پی کو لگا ’سپریم‘ جھٹکا
سپریم کورٹ نے کہا کہ اس طرح کے اشتہار بے عزت کرنے والے ہیں، آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ سب سے اچھے ہیں، لیکن دوسروں کے بارے میں غلط باتیں نہیں کر سکتے۔
ترنمول کانگریس کے خلاف اشتہار معاملے میں کلکتہ ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ نے بھی بی جے پی کو جھٹکا دے دیا ہے۔ دراصل عدالت نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی میں ترنمول کانگریس اور اس کے کارکنان کے خلاف اشتہار جاری کرنے سے روکنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج دینے والی بی جے پی کی عرضی پر سماعت کرنے سے منع کر دیا ہے۔
اس معاملے میں عدالت عظمیٰ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اشتہار بے عزت کرنے والے ہیں۔ آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ سب سے اچھے ہیں، لیکن دوسروں کے بارے میں اس طرح کی غلط باتیں نہیں کر سکتے ہیں۔ ہم آپ کو اس طرح کی دشمنی بڑھانے کی چھوٹ نہیں دے سکتے۔ یہ کہتے ہوئے سپریم کورٹ نے بی جے پی کی عرضی کو خارج کر دیا۔
جسٹس جے کے ماہیشوری اور جسٹس کے وی وشوناتھن کی تعطیل بنچ نے ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے صاف انکار کر دیا۔ بنچ نے کہا کہ ’’پہلی نظر میں اشتہار ہتک آمیز ہے۔‘‘ بی جے پی کی طرف سے پیش سینئر وکیل پی ایس پٹوالیا نے بنچ کے ذریعہ اس معاملے پر غور کرنے سے انکار کرنے کے بعد معاملے کو واپس لینے کی اجازت مانگی۔ پھر بنچ نے معاملے کو واپس لیا گیا تصور کرتے ہوئے خارج کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔