بھگوڑے نیرو مودی کا ہندوستان واپسی سے انکار، عدالت کو بھیجا جواب
نیرو مودی نے عدالت کو جواب میں لکھا ہے کہ ’’میں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔ پی این بی اسکیم سول ٹرانجیکشن تھا اور اسے اس معاملے سے الگ طول دیا جا رہا ہے۔ میں سیکورٹی اسباب سے ملک واپس نہیں لوٹ سکتا۔‘‘
پنجاب نیشنل بینک سے 13 ہزار کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کرنے والے فرار ہیرا کاروباری نیرو مودی نے ہندوستان واپسی سے واضح لفظوں میں انکار کر دیا ہے۔ نیرو مودی کا کہنا ہے کہ انھوں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا اس لیے ہندوستان واپس آنے کے لیے مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کورٹ کو دئیے گئے جواب میں انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سیکورٹی وجوہات سے ہندوستان نہیں لوٹنا چاہتے۔ یہ جواب نیرو مودی نے عدالت کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے بھگوڑا قرار دئیے جانے کی درخواست کے بعد دیا ہے۔
نیرو مودی نے عدالت کو جواب میں لکھا ہے کہ ’’میں نے کچھ بھی غلط نہیں کیا۔ پی این بی اسکیم سول ٹرانجیکشن تھا اور اسے اس معاملے سے الگ طول دیا جا رہا ہے۔ میں سیکورٹی اسباب سے ملک واپس نہیں لوٹ سکتا۔‘‘ اس درمیان جمعہ کے روز انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے تھائی لینڈ میں نیرو مودی کی 13.14 کروڑ کی ملکیت کو ضبط کر لیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے گزشتہ سال نومبر میں نیرو مودی کی دبئی میں 56 کروڑ روپے سے زیادہ کی 11 ملکیتوں کو قرق کیا تھا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں جانچ ایجنسی نے مودی اور اس کی فیملی کے اراکین کی 637 کروڑ روپے کی ملکیت بھی قرق کی تھی۔ اس میں نیو یارک کے سنٹرل پارک واقع ان کے دو اپارٹمنٹ بھی شامل تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Jan 2019, 2:09 PM