کاشی-متھرا میں مسجدوں کو ہٹانے کے لئے مہم چلائی جائے گی: اکھاڑہ پریشد

مہنت گیری نے کہا کہ ہم تنازعہ نہیں چاہتے، اس لیے مسلم مذہبی رہنماؤں سے میری اپیل ہے کہ وہ کاشی اور متھرا سے اپنا دعوی ترک کر دیں، انہیں کہیں اور مساجد کی تعمیر کے لئے زمین فراہم کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

الہ آباد: اکِھل بھارتیہ اکھاڑہ پریشد کے صدر مہنت نریندر گِیری نے کہا ہے کہ کاشی میں بابا وشوناتھ اور متھرا میں شری کرشن کی جائے پیدائش کے قریب واقع مسجدوں کو ہٹانے کے لئے ملک بھر میں مہم چھیڑی جائے گی۔

مہنت گیری نے ہفتہ کے روز کہا کہ ایودھیا میں رام جنم بھومی پر مندر کی تعمیر کے لئے بھومی پوجن کے بعد اکھاڑہ پریشد اب کاشی وشوناتھ اور کرشن کی جنم بھومی کے نزدیک واقع مساجد کو ہٹانے کی مہم شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایودھیا کی طرز پر کاشی اور متھرا میں جبراً مسجدیں تعمیر کی گئی تھیں۔ اس لیے اکھاڑہ پریشد سے وابستہ تمام 13 اکھاڑے شری کرشن کی جنم بھومی اور بابا وشوناتھ مندر سے متعلق مذہبی اور تاریخی حقائق اکٹھا کریں گے۔


مہنت گیری نے کہا کہ ہم کسی بھی طرح کا تنازعہ نہیں چاہتے، اس لیے مسلم مذہبی رہنماؤں سے ہماری اپیل ہے کہ وہ کاشی اور متھرا سے اپنا دعوی ترک کر دیں، انہیں کہیں اور مساجد کی تعمیر کے لئے زمین فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے ہونے پر مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 08 Aug 2020, 6:40 PM