سی اے اے: اعظم گڑھ کے جوہر پارک سے پولس نے مظاہرین کو جبراً ہٹایا ، ماحول کشیدہ
یو پی کے اعظم گڑھ واقع جوہر پارک سے پولس نے سی اے اے مظاہرین کو ہٹا دیا ہے۔ اس درمیان پولس اور مظاہرین کے درمیان بحث بھی ہوئی۔ بعد ازاں پولس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور وہاں سے ہٹا دیا۔
ملک کے الگ الگ حصوں میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی کے خلاف مظاہرے جاری ہیں۔ اتر پردیش کے لکھنؤ اور اعظم گڑھ میں بھی اس سیاہ قانون کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس درمیان اعظم گڑھ واقع جوہر پارک سے پولس نے مظاہرین کو جبراً ہٹا دیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پولس اور مظاہرین کے درمیان بحث ہوئی جس کے بعد پولس نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر دیا۔ پولس کی بربریت سے ناراض مظاہرین نے ان پر پتھراؤ بھی کیا۔ فی الحال علاقے میں ماحول کشیدہ ہے اور جائے وقوع پر بڑی تعداد میں پولس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
شہریت ترمیمی قانون کے خلاف خواتین منگل کو دن میں صبح 11 بجے دھرنے پر بیٹھی تھیں اور دیر رات تک پولس نے انھیں مظاہرہ ختم کرنے کے لیے سمجھاتی رہی۔ خواتین کا مظاہرہ پوری رات چلتا رہا۔ اس کے بعد بھی پولس نے خواتین سے کئی بار اپیل کی کہ وہ مظاہرہ ختم کر دیں، لیکن انھوں نے بات نہیں مانی۔ پھر صبح تقریباً 4 بجے پولس نے طاقت کا استعمال کر خواتین کو وہاں سے ہٹانا چاہا جس کے بعد بھیڑ مشتعل ہو گئی اور اینٹ پتھر چلنے لگے۔
اسی دوران پولس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ خبروں کے مطابق بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے پولس کے ذریعہ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے لوگ اِدھر اُدھر بھاگنے لگے اور جوہر پارک میں بھگدڑ مچ گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس واقعہ میں کئی لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں اور وہ اپنے گاؤں کی طرف جا چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔