شاہین باغ مظاہر میں ’خودکش حملہ آور‘ بنائے جا رہے ہیں: گری راج سنگھ کا متنازعہ بیان
دہلی میں انتخابی مہم کے دوران بی جے پی لیڈروں کے متنازعہ بیانات کا دور جاری ہے، اب گری راج سنگھ نے شاہین باغ کو ’خودکش حملہ آور‘ بنانے کا اڈہ بتایا ہے، انہوں نے کہا کہ وہاں ملک کے خلاف سازش ہو رہی ہے
مرکزی وزیر اور بی جے پی رہنما گری راج سنگھ نے شاہین باغ میں ہو رہے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مظاہرہ پر متنازعہ بیان دیا ہے، انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ تحریک نہیں رہی، وہاں خودکش حملہ آور بنائے جا رہے ہہں، شاہین باغ اب صرف تحریک نہیں رہ گئی ہے، بلکہ یہاں خودکش حملہ آوروں کا ایک گروہ بنایا جا رہا ہے، ملک کی دارالحکومت میں ملک کے خلاف سازش ہو رہی ہے۔
معاملہ طول پکڑنے کے بعد گری راج سنگھ نے صفائی دیتے ہوئے کہا کہ شاہین باغ میں ایک خاتون کا بچہ سردی سے مر جاتا ہے اور وہ عورت کہتی ہے کہ میرا بیٹا شہید ہوگیا، خودکش حملہ آور نہیں ہے تو کیا ہے؟ اگر ہندوستان کو بچانا ہے تو ان خودکش حملہ آور اور خلافت تحریک سے ملک کو چوکنا رہنا ہوگا۔
اس سے پہلے شہریت ترمیمی قانون کو لے کر ملک بھر میں چل رہی مخالفت پر گری راج سنگھ کا متنازعہ بیان سامنے آیا تھا۔ انہوں نے اپوزیشن پر الزام لگایا تھا کہ وہ پاکستان پرست ہیں وہ صرف روہنگیا مسلمانوں اور پاکستانی مسلمانوں کو شہریت دینا چاہتی ہے۔
بتا دیں کہ گزشتہ روز بدھ کو لوک سبھا میں بی جے پی کے رہنما تیجسوی سوریہ نے کہا تھا کہ دہلی کے شاہین باغ میں آج جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اس بات کی یاد دلاتی ہے کہ اگر اس ملک کا اکثریتی طبقہ محتاط نہیں رہا اور محب وطن ہندوستانی نے کھل کر ساتھ نہیں دیا تو تو وہ دن دور نہیں جب دہلی میں مغل راج ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔