’ڈرون کا صرف ایئرفریم بنا کر اڈانی نے 70 فیصد سودیشی اشیاء استعمال کرنے کا دعویٰ کر دیا’، کانگریس کا الزام
جئے رام رمیش نے کہا کہ اسکروڈرائیور فیٹنگ کو مینوفیکچرنگ کی شکل میں دکھا کر ٹیکس دہندگان کے پیسے کا استعمال وزیر اعظم کے متروں کو امیر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی پر گوتم اڈانی کو فائدہ پہنچانے کے لیے عوام کا پیسہ استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’اسکروڈرائیور فیٹنگ کو مینوفیکچرنگ کی شکل میں دکھا کر ٹیکس دہندگان کے پیسے کا استعمال وزیر اعظم کے متروں کو امیر بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔‘‘
دراصل جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں اڈانی گروپ کے ذریعہ ڈرون مینوفیکچرنگ سے متعلق کچھ اہم جانکاریاں دی ہیں۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’وزیر اعظم کے قریبی دوست گوتم اڈانی ان کے ساتھ 2017 کے جولائی میں اسرائیل دورے پر گئے تھے۔ اس کے بعد سے انھیں ایک اور بالادستی دی گئی۔ یہ بالادستی بے حد منافع والے دو فریقی دفاعی تعلقات کے شعبہ میں ہے۔‘‘ پھر وہ آگے لکھتے ہیں کہ ’’ہندوستان میں کئی اسٹارٹ اَپ اور قائم کمپنیاں ہیں جو ڈرون ڈیولپمنٹ، مینوفیکچرنگ اور آپریشنل کام کرتی ہیں۔ ان میں ہندوستان ایروناٹکس اور بھارت ڈائنامکس بھی شامل ہیں۔ پھر بھی ڈرون بنانے کے لیے اسرائیل کے ایلبٹ سسٹمز اور اڈانی گروپ کا مشترکہ طور سے ایک انٹرپرائز قائم کروایا گیا، جس کے پاس اس شعبہ میں پہلے کا کوئی تجربہ نہیں تھا۔ نتیجہ سب کے سامنے ہے۔‘‘
اپنے پوسٹ میں جئے رام رمیش حقائق پیش کرتے ہوئے لکھتے ہیں ’’اڈانی گروپ نے چار درآمد شدہ ہرمیز 900 ڈرون کِٹ (دو-دو ہندوستانی بری فوج اور ہندوستانی بحریہ کے لیے) اسیمبل کیا اور اس کا نام بدل کر درشٹی 10 اسٹارلائنر رکھ دیا۔ ڈرون کے صرف ایئرفریم کو تیار کر کے اڈانی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں 70 فیصد سودیشی اشیاء کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہی وزیر اعظم مودی کے ’آتم نربھرتا‘ (خود کفیلی) کی حقیقت ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔