ضمنی انتخابات: لوک سبھا کی 3 اور اسمبلی کی 29 سیٹوں کے لیے ووٹنگ شروع
ووٹنگ عمل کے دوران سخت سیکورٹی کا انتظام کئے گئے ہیں، اور ساتھ ہی کووڈ بچاؤ کے لیے اقدامات بھی یقینی کیے گئے ہیں، بیشتر سیٹوں پر اہم مقابلہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہے۔
ہندوستان میں دادرا اینڈ ناگر حویلی سمیت لوک سبھا کی تین اور 13 ریاستوں میں پھیلی اسمبلی کی 29 سیٹوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیےووٹنگ شروع ہو گئی۔ ووٹنگ عمل کے دوران سخت سیکورٹی کا انتظام ہے، اور ساتھ ہی کووڈ بچاؤ کے لیے اقدامات بھی یقینی کیے گئے ہیں۔ بیشتر سیٹوں پر اہم مقابلہ بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہے۔
دادر اینڈ ناگر حویلی، ہماچل پردیش کے منڈی اور مدھیہ پردیش کے کھنڈوا میں لوک سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں۔ علاوہ ازیں جن 29 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں، ان میں آسام میں پانچ، مغربی بنگال میں چار مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش اور میگھالیہ میں تین تین، بہار، راجستھان اور کرناٹک میں دو دو جب کہ آندھرا پردیش، ہریانہ، مہاراشٹر، میزورم اور تلنگانہ کی ایک ایک سیٹ شامل ہے۔ ووٹ شماری 2 نومبر کو ہوگی۔
ناگالینڈ کی شماتور-چیسور اسمبلی سیٹ پر بھی ضمنی انتخاب کا اعلان کیا گیا تھا۔ حالانکہ علاقائی پارٹی نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسیو پارٹی (این ڈی پی پی) کے امیدوار کو 13 اکتوبر کو بلامقابلہ کامیاب اعلان کیا گیا۔ لوک سبھا کی تین سیٹوں پر اراکین کے انتقال کے سبب ضمنی انتخاب ہو رہے ہیں۔ کچھ اسمبلی سیٹوں پر رکن اسمبلی کے انتقال کی وجہ سے، جب کہ کئی سیٹوں پر کامیاب امیدوار کے ذریعہ پارٹی بدلنے کے لیے استعفیٰ دینے کے سبب سیٹیں خالی ہوئیں۔ فی الحال جہاں جہاں ووٹنگ ہے وہاں سیکورٹی کے انتظام سخت ہیں۔ غیر سماجی عناصر پر خصوصی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Oct 2021, 11:11 PM