ضمنی انتخابات: مغربی بنگال میں تین اسمبلی نشستوں کے لیے ووٹنگ جاری

مغربی بنگال میں بھوانی پور، شمشیر گنج اور جنگی پور اسمبلی نشستوں پر ہو رہے ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کی صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی

بنگال پولنگ
بنگال پولنگ
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال میں بھوانی پور، شمشیر گنج اور جنگی پور اسمبلی نشستوں پر ہو رہے ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کی صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوئی۔ ان تمام نشستوں پر کورونا پروٹوکول پرعمل کرتے ہوئے شام ساڑے چھ بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بھوانی پور میں 98 پولنگ مراکز میں 287 بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے 269 اہم بوتھ ہیں۔ ہربوتھ کے باہر200 میٹر کے علاقہ تک دفعہ 144نافذ کی گئی ہے۔ بھوانی پوراسمبلی حلقہ میں کل 2،06،456 ووٹرہیں ۔ ان میں سے 95،209 مرد اور 95،209 خواتین ووٹر ہیں۔

ریاستی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزما رہی ہیں ۔ وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پرینکا ٹبریوال کو انتخابی میدان میں اتارا ہے ، جبکہ مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی آئی ایم) شری جیووشواس اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ بھوانی پور حلقہ کے تمام بوتھ کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ ان میں سے 13 بوتھ ہائی الرٹ زون میں رکھے گئے ہیں۔


انتخابات کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ حالیہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے انتظامیہ نے نیم فوجی دستوں کی مزید 20 کمپنیاں بڑھا دی ہیں ۔ بھوانی پور میں اب نیم فوجی دستوں کی 35 کمپنیاں گشت کر رہی ہیں۔ ای وی ایم کی حفاظت کے لیے تین اضافی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں اور 141 گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں ۔ سخاوت میموریل سکول میں دو سٹرانگ روم بنائے گئے ہیں۔

کولکتہ پولیس ہیڈ کوارٹر لال بازار شہر کی سکیورٹی کے حوالے سے سخت ہے ۔ بدھ سے یہاں اضافی فورسزکو تعینات کردیا ہے ۔ مرکزی فورسز کے ساتھ کولکاتہ پولیس آج بھوانی پور حلقہ میں چوکس ہے ۔ جوانٹ کمشنر آف پولیس رینک کے پانچ اور 14 ڈپٹی کمشنر اور 14 اسسٹنٹ کمشنروں کو بھوانی پور کی سکیورٹی کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔


وہیں نو اسٹرائیکنگ فورس ، 13 کیو آر ٹی وین ، نوفلائنگ سکواڈ اور آر اے ایف کو تیار کیا گیا ہے۔ آر اے ایف میں خواتین افسران بھی شامل ہیں ۔ سکیورٹی فورسز کے اہلکار ندی پر مسلسل گشت کر رہے ہیں ۔ پولیس 38 مقامات پر تلاشی لے رہی ہے۔ آج صبح 5.30 بجے سے 100 ٹریفک افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔ صرف بھوانی پورحلقہ میں سات ناکے لگائے گئے ہیں ۔ وہیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بائک پولیس کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بھوانی پورکے بیشتر وارڈوں میں بدھ کے روزدن بھر بارش ہوئی تھی ۔ ایسی صورتحال میں الیکشن کمیشن نے آفت سے نمٹنے کے لیے کئی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ ای وی ایم کو پانی میں بھیگنے سے بچانے کے لیے شفاف پولی تھین بیگ فراہم کیے گئے ہیں۔ انتخابی اراکین کو رین کوٹ فراہم کیے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔