میونسپل کارپوریشن کے پانچ وارڈوں کے ضمنی الیکشن دہلی کا مستقبل طے کرے گا: گوپال رائے

گوپال رائے نے کہا کہ یہ محض پانچ وارڈ کا الیکشن نہیں بلکہ ایم سی ڈی میں 15 سال سے بر سر اقتدار بی جے پی کی بدعوان حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا سیمی فائنل ہے۔

گوپال رائے، تصویر آئی اے این ایس
گوپال رائے، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے سینیئر رہنما اور کابینی وزیر گوپال رائے نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی پانچ سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن اگلے پانچ سال کے لیے دہلی کا مستقبل طے کرنے اور 15 برسوں سے برسراقتدار بی جے پی کی بدعنوان حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا سیمی فائنل ہے۔ گوپال رائے نے میونسپل کارپوریشن کے ضمنی الیکشن کے پیش نظر سیلم پور اسمبلی کے چوہان بانگر وارڈ میں بوتھ کارکن کانفرنس سے خطاب کیا۔

گوپال رائے نے کہا کہ ایم سی ڈی کے پانچ وارڈوں میں ہونے والے یہ ضمنی انتخابات اگلے پانچ سال کے لیے دہلی کا مستقبل طے کرنے کے مترادف ہیں۔ یہ محض پانچ وارڈ کا الیکشن نہیں بلکہ ایم سی ڈی میں 15 سال سے بر سر اقتدار بی جے پی کی بدعوان حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا سیمی فائنل ہے۔


انہوں نے کہا کہ دہلی اسمبلی انتخابات کے دوران بی جے پی نے نفرت کی سیاست کی لیکن عوام نے اروند کیجریوال کی قیادت میں پھر سے ’اے اے پی‘ کی حکومت بنوائی۔ عام آدمی پارٹی دہلی اسمبلی الیکشن کی طرح ہی میونسپل کے ضمنی الیکشن میں بھی بی جے پی کی ضمانت ضبط کروائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ضمنی الیکشن کانگریس سے نہیں بلکہ بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لیے ہے۔ کانگریس کے جیتنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن کیجریوال کے ہارنے سے فرق پڑے گا۔

گوپال رائے نے کہا کہ دہلی کے سیلم پور میں عوام نے ہمیشہ صرف کانگریس کو ووٹ دیا ہے لیکن انھیں کچھ نہیں ملا۔ سیلم پور میں جو 25 سال میں کام نہیں ہوا تھا وہ کام عام آدمی پارٹی کی حکومت نے پانچ سال میں مکمل کیا۔ دہلی کے اسکول، اور اسپتال اچھے کرنے کا سہرا کیجریوال کو جاتا ہے۔ دہلی میونسپل کارپوریشن کی پانچ سیٹوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے 28 فروری کو ووٹنگ ہوگی۔ اس میں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کی دو اور مشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن کی تین سیٹوں پر ضمنی الیکشن ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔