ضمنی انتخابات ریزلٹ: بی جے پی کی حالت چاروں ریاستوں میں خستہ

ممتا بنرجی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے ’’میں ترنمول کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو نتیجہ خیز مینڈیٹ دینے کے لیے آسنسول پارلیمانی حلقہ اور بالی گنج اسمبلی حلقہ کے ووٹروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘

بی جے پی کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا جھنڈا، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

ملک کی ایک لوک سبھا اور چار اسمبلی سیٹوں پر گزشتہ 12 اپریل کو ضمنی انتخابات کرائے گئے تھے۔ ان سبھی سیٹوں پر آج صبح سے ہی ووٹ شماری کا سلسلہ جاری ہے۔ چاروں ریاستوں میں سے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس، بہار میں آر جے ڈی اور چھتیس گڑھ و مہاراشٹر میں کانگریس امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ یعنی چاروں ریاستوں میں بی جے پی کی حالت خستہ نظر آ رہی ہے۔

بنگال کے بالی گنج اسمبلی سیٹ سے بابل سپریو، جب کہ مہاراشٹر کے کولہاپور سے کانگریس امیدوار جئے شری جادھو آگے چل رہی ہیں۔ بہار کے بوچہا اسمبلی سیٹ سے آر جے ڈی امیدوار آگے چل رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بنگال کی ایک لوک سبھا سیٹ اور ایک اسمبلی سیٹ سمیت چھتیس گڑھ، مہاراشٹر اور بہار کی ایک ایک اسمبلی سیٹ پر 12 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی۔


تازہ ترین خبروں کے مطابق مغربی بنگال کے بالی گنج میں 16ویں راؤنڈ کی ووٹ شماری ہو چکی ہے جس کے بعد ترنمول کانگریس امیدوار بابل سپریو 14 ہزار 84 ووٹوں سے آگے چل رہے ہیں۔ بابل کو اب تک 43 ہزار 220 ووٹ ملے ہیں۔ مہاراشٹر کے کولہاپور میں 21ویں راؤنٹ کی ووٹ شماری ہو گئی ہے جس کے بعد کانگریس امیدوار 15 ہزار 222 ووٹوں سے آگے ہیں۔ چھتیس گڑھ کے خیراگڑھ اسمبلی سیٹ پر 10ویں راؤنڈ کی ووٹ شماری کے بعد کانگریس امیدوار 12 ہزار 156 ووٹوں سے آگے ہیں۔

اس درمیان مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے آسنسول لوک سبھا سیٹ کے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’میں آل انڈیا ترنمول کانگریس پارٹی کے امیدواروں کو نتیجہ خیز مینڈیٹ دینے کے لیے آسنسول پارلیمانی حلقہ اور بالی گنج اسمبلی حلقہ کے ووٹروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں ’’ہم اسے اپنے ماں-ماٹی-مانش تنظیم کے لیے اپنے لوگوں کا ہاردک شبھو نبابرشو تہوار مانتے ہیں۔ ہم پر اعتماد ظاہر کرنے کے لیے ایک بار پھر ووٹروں کو سلام۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔